پاکستان مستقبل میں عالمی طاقتوں میں شامل ہوگا، ہنگری کے وزیراعظم کی پیشگوئی

ہفتہ 27 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یورپی ملک ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربن نے پیشگوئی کی ہے کہ عالمی نظام تبدیلی کی طرف جارہا ہے اور مستقبل میں پاکستان عالمی طاقتوں میں شامل ہوگا۔

رومانیہ میں ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عالمی نظام میں تبدیلی ایشیا سے شروع ہونے والا عمل ہے، اور مستقبل میں عالمی طاقت مغرب سے مشرق اور روس کی طرف منتقل ہو جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں امریکا نئے عالمی نظام کا مرکز نہیں رہے گا، روس

انہوں نے کہاکہ آنے والی کئی دہائیوں بلکہ صدیوں تک دنیا کا غالب مرکز ایشیا ہوگا، اور بڑی عالمی طاقتیں چین، بھارت، پاکستان اور انڈونیشیا ہوں گی۔

ہنگری کے وزیراعظم نے کہاکہ اب ہر کوئی روس کی حمایت کرتا نظر آرہا ہے جو مغرب کی توقعات کے برعکس ہے، چین اور شمالی کوریا کے بعد اب ایران اور بھارت کے بھی روس سے اچھے مراسم ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ترکیہ نیٹو کا رکن ہونے کے باوجود روس کے ساتھ ہے، اور مسلم دنیا بھی اب اسے اتحادی سمجھتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ مغرب کی کمزوری اور ٹوٹ پھوٹ دنیا کا بڑا مسئلہ ہے مگر مغربی میڈیا میں یہ بات نہیں بتائی جاتی۔

یہ بھی پڑھیں اسرائیل اور یوکرین جنگوں میں کامیابی امریکا کی نیشنل سیکیورٹی کے لیے اہم ہے، جو بائیڈن

ہنگری کے وزیرعظم نے کہاکہ اب امن کی سیاست کا وقت ہے، یوکرین والوں کو بھی اس بات کی سمجھ آگئی ہے، اور ضروری ہے کہ یورپ بھی ہوش سے کام لے، اس سے قبل کہ بہت دیر ہوجائے۔

انہوں نے کہاکہ اگر یورپ امریکا میں ٹرمپ کے برسراقتدار آنے سے قبل امن پالیسی نہیں اپناتا تو بعد میں ساری ذمہ داری یورپ پر ہی عائد ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp