سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ہمارے ارکان اسمبلی کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے، عدالت نوٹس لے، پی ٹی آئی

اتوار 28 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے کے بعد حکومت ہمارے ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائیاں کررہی ہے، عدالت عظمیٰ اس پر از خود نوٹس لے۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سابق اسپیکر اسد قیصر، شیخ وقاص اکرم اور دیگر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ شہباز شریف اور ان کی بھتیجی کے رویے کی مذمت کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں کیا مذاکرات کی دعوت ایسے دیتے ہیں؟ پی ٹی آئی کا حکومتی پیشکش پر ردعمل

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے کہاکہ حکومت پیچھے ہٹ کر فوج کو آگے دھکیل رہی ہے جس سے ادارے کو نقصان ہوگا، فارم 47 کی حکومت کو ہم نہیں مانتے، ملک میں فی الفور نئے انتخابات ہونے چاہییں۔

انہوں نے کہاکہ الیکشن میں آئی ایس آئی سمیت دیگر خفیہ اداروں کا عمل دخل تھا، اب ہمارے لوگوں کو لاپتا کیا جارہا ہے، کچھ معلوم نہیں انہیں کہاں غائب کردیا جاتا ہے۔

عمر ایوب نے کہاکہ حکمرانوں کو شرم نہیں آتی، ہمارے ایم این اے شیخ وقاص اکرم کی والدہ پر بھی مقدمہ درج کردیا گیا ہے۔ کل ہم پارٹی اجلاس میں اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

5 اگست کو ملک بھر میں احتجاج کریں گے، اسد قیصر

اس موقع پر سابق اسپیکر اسد قیصر نے کہاکہ ہمارے ایم این ایز، ایم پی ایز اور سوشل میڈیا کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن ہورہا ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے 41 ایم این ایز کو خصوصی طور پر ٹارگٹ کیا جارہا ہے، کیا ملک اس طرح چلے گا؟ سپریم کورٹ کو نوٹس لینا چاہیے۔

اسد قیصر نے کہاکہ ہم 5 اگست کو ملک بھر میں احتجاج اور جلسے کرنے جارہے ہیں، کیونکہ اس روز عمران خان کو غیرقانونی طور پر گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے آئی پی پیز کے معاملے پر جو اسٹینڈ لیا ہے ہم اس کی حمایت کرتے ہیں، ایک عام آدمی اتنی مہنگی بجلی کیسے خرید سکتا ہے، لہٰذا آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی کی جائے۔

’شہباز شریف اور اس کی بھتیجی کا فاشسٹ رویہ قابل مذمت ہے‘

انہوں نے کہاکہ ایم این ایز کے خلاف کارروائیوں پر سپریم کورٹ از خود نوٹس لے، شہباز شریف اور اس کی بھتیجی کے فاشسٹ رویے کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں انارکی نہ پھیلے لیکن اگر حکمرانوں کا رویہ ایسے ہی رہا تو ہم دھرنے بھی دیں گے۔

اسد قیصر نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کو حکومت کو رخصت کرنے کے لیے ایک میز پر بیٹھنا پڑے گا۔

سابق اسپیکر نے کہاکہ حکمرانوں کی خواہش تھی کہ پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک بن جائے، مگر ایسا نہ ہونے پر ان کے اوسان خطا ہوچکے ہیں۔

پی ٹی آئی رؤف حسن سے لے کر ایک ایک کارکن کے ساتھ کھڑی ہے، شیخ وقاص اکرم

پریس کانفرنس میں شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ حکومت کے ساتھ مل کر ہمارے لوگوں کے خلاف کارروائیاں کرنے والوں کو سوچنا چاہیے کہ ن لیگ کی حکومت ہمیشہ نہیں رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں عمران خان کا پیغام ہے، قوم نئے انتخابات کی تیاری کرے، عمرایوب

انہوں نے کہاکہ ریاست کے افسران عوام کو جوابدہ ہیں، پی ٹی آئی رؤف حسن سے لے کر ایک ایک کارکن کے ساتھ کھڑی ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ دفعہ 144 سے ڈرا کر آپ پی ٹی آئی کو پیچھے نہیں ہٹا سکتے، 26 جولائی کو ہمارے کارکنوں نے ملک بھر میں احتجاج کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp