فیلڈر نے 4 رنز روکنے کی کوشش کرتے ہوئے 5 رنز دے دیے، مگر کیسے؟

پیر 29 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کرکٹ کی تاریخ دلچسپ اور انوکھے واقعات سے بھری پڑی ہے۔ کرکٹ کے میدان میں آئے روز کوئی نہ کوئی ایسا واقعہ رونما ہوجاتا ہے جسے دیکھ کر لوگ کبھی دانتوں تلے انگلیاں دبانے تو کبھی کھل کر ہنسنے پر مبجور ہوجاتے ہیں۔

ایسا ہی ایک  مضحکہ خیز واقعہ آئرلینڈ کے شہر بیلفاسٹ میں کھیلے گئے ایک ٹیسٹ میچ کے دوران پیش آیا۔ یہ میچ زمبابوے اور میزبان ٹیم کے درمیان کھیلا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹ ورلڈ کپ2023 کے ناقابل فراموش لمحات

اتوار کو میچ کے آخری روز آئرلینڈ کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری تھی۔ اینڈی میکبرائن کریز پر موجود تھے اور زمبابوے کے فاسٹ بولر رچرڈ نگاروا کا سامنا کررہے تھے۔

18ہویں اوور میں اینڈی میکبرائن نے  رچرڈ نگاروا کی ایک بال پر کور باؤنڈری کی جانب شاٹ کھیلا۔ بال دھیرے دھیرے باؤنڈری کی جانب بڑھنے لگی اور زمبابوے کے فیلڈر ٹینڈائی چیٹارا بال کا پیچھا کرنے لگے۔

چیٹارا گراؤنڈ پر رینگتی گیند سے کافی دور تھے لیکن اس کے باوجود انہوں نے نہایت تیزرفتاری کا مظاہرہ کیا اور گیند کو باؤنڈری لائن سے ایک انچ پہلے روک دیا۔

چیٹارا گیند کو تو روکنے میں کامیاب ہوگئے لیکن چیتے کی رفتار سے دوڑتے چیٹارا کو روکنے والا کوئی نہ تھا۔ وہ گیند کو روکنے کے بعد خود باؤنڈری لائن کے پار دور تک دوڑتے چلے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: میچ رکوا کر میدان میں کوڑے مارے گئے، رمیز راجہ کا انکشاف

بہرحال چیٹارا کچھ دیر بعد واپس پلٹے اور گیند کو اٹھا کر وکٹ کی جانب پھینک دیا۔ چیٹارا چوکا روکنے میں کامیاب ہوچکے تھے لیکن انہیں یہ معلوم نہیں تھا کہ یہ چوکا روکنا تقریباً چھکے جتنا مہنگا پڑے گا۔

جی ہاں، چیٹارا کے گیند روکنے، خود باؤنڈری لائن کراس کرتے ہوئے دور تلک جانے اور واپس آنے اور پھر گیند کو وکٹ کی جانب پھینکنے کے دوران کریز پر موجود آئرلینڈ کے بیٹرز دوڑ کر 5 رنز بنا چکے تھے۔

اس دلچسپ اور مضحکہ خیز واقعہ پر کرکٹ لورز خوب محظوظ ہورہے ہیں اور سوشل میڈیا پر اس واقعہ کی ویڈیو شیئر کرکے دوسروں کو بھی اینڈی میکبرائن کی اس زبردست 5 رن شاٹ کے بارے میں بتا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ آئرلینڈ نے یہ میچ 4 وکٹوں سے جیت لیا ہے۔ اس ٹیسٹ میچ میں زمبابوے نے پہلی اننگز میں 210 اور دوسری اننگز میں 197 رنز بنائے جبکہ آئرلینڈ نے پہلی اننگز میں 250 رنز اور دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔ اینڈی میکبرائن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp