پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے زونل دفاتر لاہور، فیصل آباد اور پشاور کی جانب سے راولپنڈی، سرگودھا، کوٹ مومن، کوہاٹ اور ہنگو میں واقع ٹیلی نار، جاز، یوفون اور سی ایم پاک (زونگ) کی فرنچائزز پر چھاپوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
تصیلات کے مطابق فرنچائزز غیر قانونی طور پر سموں کے اجرا میں ملوث تھیں جو اکثر مجرمانہ سرگرمیوں جیسے دھوکہ دہی، شناخت کی چوری اور دیگر غیر قانونی کارروائیوں میں ملوث ہوتی ہیں۔
مزید پڑھیں: پی ٹی اے کو کس ٹیلی کام آپریٹر کے خلاف صارفین کی سب سے زیادہ شکایات موصول ہوئیں؟
چھاپوں کے دوران ایف آئی اے نے 4لیپ ٹاپ، ایک پرسنل کمپیوٹر (پی سی)، 12بی وی ایس ڈیوائسز، فعال سمز، موبائل فونز، ہارڈ ڈسک، فوٹو کاپیوں کے ساتھ اصلی شناختی کارڈ اور افغان پاسپورٹ اور پی او آر کارڈز کی سافٹ کاپیاں بھی قبضے میں لے لیں۔
ایف آئی اے کی جانب سے فرنچائزز میں کام کرنے والے 15افراد کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا اور ایف آئی آر درج کرلی گئیں، تاہم معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
پی ٹی اے نے اس سے قبل سیلز چینل کی جانب سے سموں کے غیر قانونی اجرا سے متعلق معلومات کی بنیاد پر ایف آئی اے کو شکایات درج کرائی تھیں۔ یہ چھاپے سموں کے غیر قانونی اجرا کے خاتمے کے لیے اتھارٹی کی کوششوں کا مظہر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی اے نے ٹیکس نہ دینے والوں کی سمیں بند کرنے کی ایف بی آر کی تجویز مسترد کردی
واضح رہے پی ٹی اے کی جانب سے غیر قانونی طور پر سموں کے اجرا کے خلاف قانونی کارروائیاں تیز کی گئی ہیں، اس سلسلے میں مختلف فرنچائز پر ایف آئی اے کے ہمراہ چھاپے مارے جارہے ہیں، اور متعدد افراد کو گرفتار کرنے اور سامان قبضے میں کرنے کے بعد مقدمات درج کیے جارہے ہیں۔