راولپنڈی کی خصوصی احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اوربشریٰ بی بی کے مزید 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری دے دی ہے۔
پیر کو راولپنڈی کی خصوصی احتساب عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس میں تحقیقات کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:نیب ٹیم نے نئے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو گرفتار کرلیا
راولپنڈی کی خصوصی احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے دلائل سننے کے بعد عمران خان اور بشریٰ بی بی کے مزید 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری دے دی۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر کے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت میں دلائل دیے، نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔ نئے توشہ خانہ ریفرنس کے تفتیشی ڈپٹی ڈائریکٹر محسن ہارون بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت سے نئے توشہ خانہ ریفرنس میں تحقیقات کے لیے مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی گئی تھی تاہم عدالت نے درخواست پرفیصلہ محفوظ کرتے ہوئے مزید 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکر لیا۔
مزید پڑھیں:عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس ہے کیا؟
راولپنڈی کی خصوصی احتساب عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی منظوری دیتے ہوئے سماعت 8 اگست تک ملتوی کر دی۔