بھارت میں جنگل سے زنجیروں میں جکڑی امریکی خاتون برآمد

پیر 29 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی ریاست مہاراشٹر کے سندھودرگ ضلع کے جنگل سے لوہے کی زنجیر میں جکڑی ایک 50 سالہ امریکی خاتون درخت کے ساتھ باندھی ہوئی پائی گئی ہے۔ خاتون کے پاس سے امریکی پاسپورٹ کی فوٹو کاپی کے علاوہ آدھار کارڈ جس پر تمل ناڈو کا پتا درج ہے، سمیت دیگر دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ممبئی سے تقریباً 450 کلومیٹر دور سونورلی گاؤں میں ہفتہ کی شام کو ایک چرواہے نے ایک خاتون کے رونے کی آواز سنی جب وہ رونے کی اس آواز کے قریب پہنچا تو دیکھا کہ ایک خاتون رو رہی ہے اور اسے لوہے کی زنجیروں میں جکڑا ہوا ہے اور درخت کے ساتھ باندھا ہوا ہے، چرواہے نے اس کی فوری اطلاع پولیس کو دی۔

پولیس نے بتایا کہ خاتون کو ساونت واڑی اور پھر سندھودرگ کے اوروس اسپتال لے جایا گیا۔ ان کی ذہنی اور صحت کی حالت کو دیکھتے ہوئے، انہیں بہتر علاج کے لیے گوا میڈیکل کالج منتقل کردیا گیا ہے۔ خاتون کی حالت خطرے سے باہر ہے، ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وہ نفسیاتی مسائل کا شکار ہیں کیوںکہ انہیں ان کے سامان سے نفسیات سے متعلق طبی نسخے بھی ملے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہمیں خاتون کے سامان سےآدھار کارڈ بھی ملا جس پر تمل ناڈو کا پتا درج ہے اور اس خاتون کے پاس امریکا کے پاسپورٹ کی فوٹو کاپی بھی ہے۔ خاتون کی شناخت للتا کائی کے طور پر ہوئی ہے اور ان کے امریکی ویزے کی میعاد ختم ہو چکی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہم خاتون کی شہریت کا پتا لگانے کے لیے ان تمام دستاویزات کی تصدیق کر رہے ہیں۔ پولیس غیر ملکیوں کے علاقائی رجسٹریشن دفتر کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔

پولیس کو ملی ابتدائی جانکاری کے مطابق خاتون گزشتہ 10 سال سے ہندوستان میں مقیم ہیں، خاتون اپنا بیان دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ خاتون کمزور ہیں کیونکہ اس نے کئی دنوں سے کچھ نہیں کھایا ہے اور اس علاقے میں بہت زیادہ بارش بھی ہوئی ہے۔ ہم نہیں جانتے کہ وہ کب تک اس درخت سے بندھی رہی ہیں۔

پولیس نے شک ظاہر کیا ہےکہ خاتون کو تمل ناڈو سے تعلق رکھنے والے ان کے شوہر نے یہاں درخت کے ساتھ باندھ دیا اور خود فرار ہو گیا۔

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ پولیس کی ٹیمیں تمل ناڈو، گوا اور کچھ دیگر مقامات پر روانہ ہوگئی ہیں تاکہ تفتیش کے حصے کے طور پر اس کے رشتہ داروں کا پتا لگایا جاسکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp