سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کا پاکستان آنے اور نئی پارٹی بنانے کا اعلان

منگل 30 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کردیا۔

دبئی میں نجی چینل سے گفتگو میں سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے جلد وطن واپسی کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایم کیو ایم پاکستان کو بھی اپنی نئی جماعت میں شمولیت کی دعوت دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عشرت العباد کو وطن واپسی کے لیے گرین سگنل مل گیا، کیا وہ پھر گورنر سندھ کا منصب سنبھالیں گے؟

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص جو پاکستان کی بہتری کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کی سوچ رکھتا ہے، ان کی نئی جماعت میں شمولیت اختیار کرسکتا ہے۔

سابق گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ہمیں ماضی سے سیکھنے کی ضرورت ہے، اچھی بری باتیں ہوتی ہیں لیکن اس وقت ذاتیات کو چھوڑ دینا چاہیے۔

ڈاکٹر عشرت العباد نے مزید کہا کہ اگر موجودہ حکومت نے معاملات کو فوری طور پر درست نہیں کیا تو اس کے پاس وقت بہت کم ہے، گورننس ناکام ہوجائے تو صورتحال کوئی بھی رخ اختیار کرسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شیر افضل مروت اور عشرت العباد کی دبئی میں ملاقات میں کیا طے پایا؟

انہوں نے کہا کہ سیاسی اور معاشی عدم استحکام خطرناک حد کو چھو رہا ہے، امن و امان کی صورتحال ابتر ہے، ملکی معیشت کی بہتری کے لیے نہ صرف کرپشن کے خلاف بلکہ اہلیت اور کارکردگی کے حوالے سے بھی کڑے احتساب کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ سے ڈاکٹر عشرت العباد کی وطن واپسی سے متعلق خبریں گردش کررہی تھیں اور کہا جارہا تھا کہ وطن واپسی کے لیے جو ضمانت وہ چاہ رہے تھے وہ انہیں فراہم کردی گئی ہے جس کے بعد انہوں نے وطن واپس لوٹنے کی تیاری بھی شروع کردی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp