برطانیہ کے علاقے ساؤتھ پورٹ میں چاقو سے حملے میں 2 بچے ہلاک اور 6 بچوں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں 6افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔ تاہم ، پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چاقو حملے میں ملوث 17 سالہ لڑکے کو گرفتار کرلیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق پولیس نے چاقو کے حملے میں ملوث ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس سے ایک چاقو بھی برآمد ہوا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے شمال مغربی انگلینڈ سے قتل اور اقدام قتل کے شبے میں ایک 17 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔
مزید پڑھیں: سڈنی چرچ حملہ: اسرائیل مخالف پادری چاقو حملے میں معجزاتی طور پر کیسے بچ نکلے؟
پیر کو لیورپول کے قریب ساؤتھ پورٹ قصبے میں ٹیلر سوئفٹ تھیم پر مبنی یوگا اور ڈانس ورکشاپ پر حملے میں دیگر بچوں سمیت 9زخمی ہوئے، جن میں سے 6 کی حالت نازک ہے۔
پولیس نے بتایا کہ انہوں نے صبح 11بجے کے قریب ساؤتھ پورٹ میں ایک مشتبہ شخص سے چاقو برآمد کیا تھا، مزید تحقیقات کررہے ہیں کیونکہ ابھی واقعے کے پیچھے محرکات واضح نہیں ہیں۔
نارتھ ویسٹ کے ایلڈر ہی چلڈرن اسپتال انتظامیہ کے مطابق ایمرجنسی میں بچوں کی دیکھ بھال اور علاج جاری ہے، تاہم 6 افراد کی حالت نازک ہے۔
دریں اثنا، پولیس حکام نے ساؤتھ پورٹ کے لیے پروازیں محدود کر دی ہیں اور اس مقام کو گھیرے میں لے لیا ہے جہاں یہ واقعہ پیش آیا۔
برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر، ہوم سیکرٹری یوویٹ کوپر اور لیور پول کے میئر سٹیو روتھرم نے اس معاملے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
کیئر اسٹارمر نے کہا کہ یہ واقعہ خوفناک ہے، میری دعائیں تمام متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں، پولیس اور ہنگامی خدمات کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ ان کے فوری ردعمل نے کئی لوگوں کی جانیں ضائع ہونے سے بچا دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا: چاقو حملے کا ایک اور واقعہ، 16 سالہ حملہ آور کو ہلاک کردیا
واضح رہے حالیہ برسوں میں انگلینڈ اور ویلز میں چاقو سے جرائم کے واقعات تیزی سے عام ہو گئے ہیں۔ ہوم آفس کے مطابق دسمبر 2023 سے 12 ماہ کے دوران تقریباً 14ہزار 577 جرائم ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
خیال رہے جولائی میں عام انتخابات جیتنے سے پہلے، کیئر اسٹارمر نے برطانیہ میں چاقو کے جرائم سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا تھا، اور کہا تھا کہ یہ ہماری مکمل ترجیح ہوگی۔