آسٹریلیا: چاقو حملے کا ایک اور واقعہ، 16 سالہ حملہ آور کو ہلاک کردیا

اتوار 5 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آسٹریلیا میں پولیس نے ایک شخص پر چاقو سے حملہ کرنے والے نوجوان لڑکے کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ واقعہ پرتھ کے مضافاتی علاقے ولٹن میں گزشتہ شب پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے لڑکے نے ایک شخص پر چاقو سے وار کیا اور پھر پولیس اہلکاروں کی جانب لپکا جس پر اسے گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق، حملہ آور نے ایک 30 سالہ شخص کی پیٹھ میں چاقو گھونپا جسے بعد ازاں زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا جہاں اب اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

حملہ آور کی عمر 16 برس تھی اور اس کے انتہا پسند ہونے سے متعلق شواہد ملے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں دہشت گردی کا عنصر موجود ہے تاہم پولیس نے اسے دہشت گردی کا واقعہ قرار نہیں دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، حملہ آور نے پولیس کو کال کرکے کہا تھا کہ وہ پرتشدد حملے کرنے جارہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسے بعد میں ایک فون کال پر بتایا گیا کہ ایک نوجوان چاقو سے حملہ کررہا ہے۔

مسلم کمیونٹی کی جانب سے تشویش کا اظہار

 

آسٹریلیا کی مسلمان کمیونٹی نے واقعہ سے قبل حملہ آور نواجوان کے رویے سے متعلق پولیس کو شکایت کی تھی۔ پرتھ کی مسجد کے امام مسجد نے چاقو حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام تشدد کی تعلیم نہیں دیتا۔

انہوں نے لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے پر پولیس کا شکریہ ادا کی۔ انہوں نے مسلم کمیونٹی کا بھی شکریہ ادا کیا جس نے حملہ آور کے بارے میں پہلے ہی پولیس کو اطلاع دے دی تھی۔

آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی ایلبانیز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں پولیس اور انٹیلیجنس ایجنسیوں نے واقعے پر بریفنگ دی ہے اور بتایا ہے کہ شہریوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا ’ہم ایک امن پسند قوم ہیں اور آسٹریلیا میں شدت پسندی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔‘

خیال رہے رہے یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب آسٹریلوی پولیس پہلے ہی چاقو سے حملوں کے 2 واقعات کی تحقیقات میں مصروف ہے۔ سڈنی میں 15 اپریل کو ایک پادری پر لائیو خطاب کے دوران چاقو سے حملہ کیا گیا تھا۔

اس سے قبل سڈنی کے ساحلی علاقے بونڈی میں ایک شخص نے چاقو سے حمہ کرکے ایک پاکستانی سیکیورٹی گارڈ سمیت 6 افراد کو قتل کردیا تھا، جس کے بعد پولیس نے حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp