ایف آئی اے کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمہ میں پی ٹی آئی ترجمان رؤف حسن و دیگر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ عدالت نے ملزم کو میڈیکل چیک اپ کرانے کی اجازت بھی دیدی۔
پی ٹی آئی ترجمان رؤف حسن اور دیگر کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمہ کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ شبیر بھٹی نے کی۔ رؤف حسن اور دیگر کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت پیش کیا گیا۔ دوران سماعت پی ٹی آئی وکیل علی ظفر، علی بخاری، ایف آئی اے پراسیکیوٹر شیخ عامر و دیگر عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
مزید پڑھیں:اعتزاز احسن جبراً لاپتا افراد کی آواز بن گئے، سپریم کورٹ میں درخواست دائر
ایف آئی اے کی جانب سے رؤف حسن کے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تاہم تحریک انصاف کے وکلا نے مخالفت کی۔ دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے ایف آئی اے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے رؤف حسن اور دیگر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
بیرسٹر علی ظفر نے استدعا کی رؤف حسن کا میڈیکل چیک اپ کرانے کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے میڈیکل چیک اپ کرانے کی اجازت دے دی۔ دوران سماعت وکیل علی بخاری نے کہا کہ رؤف حسن و دیگر کی درخواست ضمانت دائر کر رہے ہیں۔ عدالت سے استدعا ہے کہ نوٹس جاری کردیں، آگے عدالتی چھٹیاں ہیں۔