پاکستان تحریک انصاف اور جے یو آئی ف کے درمیان سیاسی خلیج میں کمی کے بعد دونوں جماعتیں اب اتحاد کی جانب بڑھ رہی ہیں، اس سلسلہ میں تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے مولانا فضل الرحمن کو اتحاد میں شامل کرنے کے حوالے سے جلد حتمی مذاکرات کرنے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسد قیصر کا مولانا فضل الرحمان سے رابطہ، اسمبلی تحلیل کرنے کے بیان کا معاملہ اٹھا دیا
پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی ایک نشست پر حمایت کی باضابطہ پیشکش کردی ہے، پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کے سینیٹ انتخابات میں حمایت کرنے سے متعلق جے یو آئی ف کی مذاکراتی کمیٹی کو بھی آگاہ کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جے یو آئی ف کی قیادت کی جانب سے اس پیشکش پر تاحال جواب نہیں دیا گیا۔
مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کا مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا فیصلہ
ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی بیرون ملک سے واپسی کے بعد پی ٹی آئی کے وفد اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان ملاقات کا امکان ہے۔ جس کے بعد دونوں جانب سے نامزد کردہ مذاکراتی کمیٹیوں کے اجلاسوں کا دور شروع ہوگا۔