خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارشوں کی باعث دریائے چترال میں اونچے درجے کے سیلاب نے تباہی مچادی، اپر اور لوئر چترال کے دونوں اضلاع میں درجنوں گھر سیلاب میں بہہ گئے، کھڑی فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا جبکہ رابطہ سڑکیں اور پل سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے آمدورفت بھی معطل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق، سیلاب سے گولین گاؤں میں 16 گھروں، موری بالا میں 6، بریپ، خروزگ، ڈیزگ میں مجموعی طو ر پر 25 اور ریشن میں 4 گھروں کو شدید نقصان پہنچا۔ موری بالا میں سیلابی ریلے سے ایک مسجد شہید جبکہ ایک پرائمری اسکول کو نقصان پہنچا۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں بارشیں: مختلف حادثات میں 31 افراد جاں بحق، راولپنڈی اسلام آباد میں رین ایمرجنسی نافذ
سیلابی ریلوں سے اپر اور لوئر چترال کے درجنوں دیہات میں سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصل اور باغات بھی تباہ ہو گئے۔ چترال بونی روڈ کاری، راغ، کوغوزی، مروئے، اور برنس کے مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی کے باعث بند کردی گئی ہے۔ مستوج یارخون روڈ کو بھی بریپ سے آگے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
موردان گول میں سیلابی ریلا اپنے ساتھ پل بہا لے گیا جس کے باعث گرم چشمہ روڈ دروشپ کے مقام پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ گولین گول میں اونچے درجے کی سیلابی ریلے کی وجہ سے 108 میگاواٹ کے بجلی گھر کو بند کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے چترال شہر اور مضافات میں بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کوہاٹ میں بارشوں اور سیلاب سے 11افراد جاں بحق
سیلاب کے باعث چترال شہرمیں کاروبار زندگی معطل ہوکر رہ گیا ہے اور سڑکوں کی بندش کی وجہ سے سرکاری دفاتر اور کاروباری مراکز ویران نظر آرہے ہیں۔
چترال میں سیلاب کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ بند اور راستے بحال ہوتے ہی واٹر سپلائی اسکیم کی بحالی کا کام شروع کردیا جائے گا۔ انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ دریا سے لکڑیاں نکالنے اور دریا کے قریب جانے سے گریز کریں۔
یہ بھی پڑھیں: مون سون بارشیں: وزیراعظم کی این ڈی ایم اے کو جانی و مالی نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ مانسہرہ میں بیشتر سڑکوں پر آمد و رفت معطل ہے، پل، مکانات، باغات اور فصلیں متاثر ہوئی ہیں جبکہ شاہراہ کاغان پر مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث آمد و رفت بند کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں مون سون بارشوں کے باعث متعدد چھوٹے بڑے شہروں میں مختلف حادثات کے نتیجے میں 31 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں تیز بارشوں کے بعد سیلابی پانی ایک گھر کے تہہ خانے میں داخل ہوگیا تھا جس میں 11 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے۔