بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کی اضافی مالی امداد کا امکان

بدھ 31 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایشیائی ترقیاتی بینک  (اے ڈی بی) کی جانب سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام  (بی آئی ایس پی) کو اضافی مالی امداد کی فراہمی پر غور کیا جا رہا ہے جس میں 300 ملین ڈالر کا ایک اہم تکنیکی امدادی پیکج بھی شامل ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام  سیاسی وابستگی سے بالاتر تمام مستحقین کی مدد کررہا ہے، روبینہ خالد

بی آئی ایس پی کے سیکریٹری عامر علی احمد اور اے ڈی بی کے فیکٹ فائنڈنگ مشن کے درمیان بدھ کو بی آئی ایس پی  ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کا بنیادی ایجنڈا ایک مربوط ترقیاتی پروگرام تھا جس کا مقصد بی آئی ایس پی کے استفادہ کنندگان کے لیے سماجی تحفظ کے اقدامات کو بڑھانا ہے۔

اجلاس کے دوران اے ڈی بی فیکٹ فائنڈنگ مشن نے پروگرام کے دائرہ کار کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ پریزنٹیشن میں مجوزہ اضافی فنانسنگ کا احاطہ کیا گیا جس میں ایشیائی ترقیاتی بینک سے 300 ملین ڈالر کا ایک اہم تکنیکی امدادی پیکج شامل ہے۔

اس فنڈنگ ​​کا مقصد پروگرام کے مختلف پہلوؤں کو تقویت دینا ہے جس میں ادارہ جاتی مضبوطی، ہنر کی تربیت کی تعلیم اور صحت و غذائیت کے اقدامات شامل ہیں۔ مذکورہ اقدامات سماجی تحفظ کے مجموعی فریم ورک کو بہتر بنانے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اہم ہیں کہ اس سے مستفید ہونے والوں کو جامع تعاون حاصل ہو۔

سیکریٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد نے اے ڈی بی کے فیکٹ فائنڈنگ مشن کے جاری تعاون اور اشتراک کو سراہا۔

مزید پڑھیے: بل گیٹس کی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی تعریف، بہترین فلاحی پروجیکٹ قرار دے دیا

پروگرام کے جامع نقطہ نظر کا مقصد نہ صرف مالی امداد بلکہ ہنر اور صحت کی مدد بھی فراہم کرنا ہے جو کہ مستفید ہونے والوں کی پائیدار ترقی کے لیے ضروری ہیں۔ فریقین نے مشروط کیش ٹرانسفر فریم ورک میں تکنیکی تربیت کو شامل کرنے میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی۔

میٹنگ ایک مثبت نوٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔ فریقین نے پروگرام کے کامیاب نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

فریقین کا حتمی مقصد پاکستان بھر میں بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والوں کے معیار زندگی کو بلند کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ انہیں اپنے حالات زندگی اور مجموعی طور پر فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کے لیے ضروری تعاون حاصل ہو۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد کا ادائیگی مرکز اور ون ونڈو سینٹر کا اچانک دورہ

ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد میں شریک مشن لیڈر لائیسا تورا، پرنسپل پبلک سیکٹر اسپیشلسٹ زن لونگ، پرنسپل سوشل سیکٹر اسپیشلسٹ عمر بن ضیا، سینیئر پروجیکٹ آفیسر سبینا یوسفوا اور دیگر شامل تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp