اسرائیلی حملے میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت، سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب

بدھ 31 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی شعبہ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی ایران میں اسرائیلی حملے میں شہادت پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران، روس، چین اور الجزائر کی درخواست پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں اسرائیل پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ، اسماعیل ہنیہ کے خون کا بدلہ لینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، حماس

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے بیروت اور تہران میں حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان حملوں سے کشیدگی میں اضافہ ہورہا ہے جو خطرناک ہے، ہم غزہ جنگ بندی معاہدے کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے فریقین سے اپیل کی کہ طویل مدتی امن اور استحکام کے لیے علاقائی کشیدگی کم کرنے کے لیے کام کریں۔

واضح رہے حماس کے سیاسی شعبہ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ ایران میں اسرائیل کے میزائل حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔

اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر جہاں ایران نے بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے، وہیں ان کے بیٹے نے کہا ہے کہ مجھے والد کی شہادت پر فخر ہے، قائدین کے قتل سے مزاحمت ختم نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں والد کی شہادت پر سر فخر سے بلند، قیادت کے قتل سے مزاحمت ختم نہیں ہوگی، اسماعیل ہنیہ شہید کے بیٹے کا ردعمل

دوسری جانب پاکستان سمیت دنیا بھر کے رہنماؤں نے اسرائیلی حملے میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی مذمت کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp