ترک اولمپکس ایتھلیٹ کی پسٹل شوٹنگ کا سوشل میڈیا پر چرچا کیوں؟

جمعرات 1 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

’وہ آیا، اس نے دیکھا اور فتح کرلیا‘ یہ بات پیرس اولمپکس میں شریک ترکیہ سے تعلق رکھنے والے شوٹر یوسف ڈیکیک پر کم و بیش صادق آتی ہے، جنہوں نے بغیر کسی حفاظتی گیئر پہنے اپنی زبردست شوٹنگ کی کمال مہارت سے سب کو نہ صرف حیران کردیا بلکہ چاندی کا تمغہ بھی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری اولمپکس گیمز میں ابھی جنوبی کورین کم یجی کی جانب سے ہالی ووڈ طرز کے شوٹنگ ایکٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین اب ترکی کے شوٹر یوسف ڈیکیک کے غیر جذباتی قسم کی نہایت سنجیدہ مگر دیگر شوٹرز کے مقابلے میں اچھی خاصی لاابالی شوٹنگ پر فریفتہ ہورہے ہیں۔

تمام تر گیئر سے لیس کورین شوٹر کم یجی یجی کے کلاس ایکٹ نے انہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ’کولیسٹ شارپ شوٹر‘ کا خطاب دیا گیا لیکن یوسف ڈیکیک کی بغیر گیئر پہنے انتہائی مہارت کے ساتھ متاثر کن شوٹنگ سے صارفین  نے اس شک کا بھی اظہار کیا ہے کہ شاید وہ ’تجربہ کار ہٹ مین‘ ہیں۔

مختلف سوشل میڈیا پر وائرل یوسف ڈیکیک کی تصویر اور ویڈیو میں 51 سالہ ایتھلیٹ کو کم سے کم گیئر پہنے اپنا بایاں ہاتھ پینٹس کی جیب میں اور دائیں ہاتھ سے پسٹل پکڑے نشانہ باندھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے،ایکس ڈاٹ کام پر شیئر کی گئی اس پوسٹ کو حیرت انگیز طور پر 62 ملین لوگ دیکھ چکے ہیں۔

ترک ایتھلیٹ یوسف ڈیکیک کا موازنہ دیگر ایتھلیٹس سے کیا جارہا ہے، جنہوں نے ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم مقابلے میں حصہ لیا، سبھی ایتھلیٹ خصوصی گیئرز، بشمول دھندلے پن سے بچنے کے لیے خصوصی عینک اور شور بند کرنیوالے ایئر پلگ وغیرہ پہنے ہوئے تھے۔

مقابلے میں روا رکھے جانیوالے ان گیئرز سے احتراز کرتے ہوئے ترک شوٹر یوسف نے اپنے کردار سے ’اعتماد اور رویے‘ کی نئی تعریف متعین کی جب وہ پیرس اولمپکس 2024 کے مرحلے میں نظر کے چشمے اور عام ایئر پلگ لگائے اور ایک ہاتھ جیب میں رکھے نمودار ہوئے اور دوسرے ہاتھ سے اپنی شوٹنگ کی مہارت کا سکہ جماتے ہوئے چاندی کا تمغہ بھی اپنے نام کرگئے۔

یوسف ڈیکیک کون ہیں؟

یوسف ڈیکیک ایک ترک اسپورٹس شوٹر ہیں، جو پیرس اولپمکس میں ترکیہ کی نمائندگی کرتے ہوئے پسٹل شوٹنگ کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں، ان کا تعلق ترک پورٹ سٹی مرسین سے ہے، جہاں وہ ترک پیرا ملٹری فورس کے ریٹائرڈ نان کمیشنڈ آفسر ہیں۔

2006  میں، یوسف ڈیکیک نے ناروے کے شہر رینا میں منعقدہ ورلڈ ملٹری چیمپئن شپ میں 25 میٹر سینٹر فائر پسٹل ایونٹ میں 597 پوائنٹس کے ساتھ ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کرچکے ہیں، اس سے قبل وہ تھائی لینڈ میں منعقدہ انٹرنیشنل شوٹنگ اسپورٹس فیڈریشن کے ورلڈ کپ  2012کے فائنل میں 10 میٹر ایئر پسٹل ایونٹ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔

واضح رہے کہ یوسف ڈیکیک نے پچھلے دنوں اپنی ساتھی شوال الائیڈا ترحان کے ہمراہ پیرس میں ہی منعقدہ سمر اولمپکس میں 100 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم ایونٹ میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp