پاکستان اور برطانیہ باہمی مفادات کے لیے مضبوط شراکت داری قائم کریں، یوسف رضا گیلانی

جمعرات 1 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور برطانیہ پر زور دیا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سنہ 2011 میں شروع ہونے والے ڈائیلاگ کو وسیع تر اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں تبدیل کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: برطانیہ اور پاکستان کے مابین سمجھوتے پر دستخط، فوجداری انصاف کے امور پر اشتراک ممکن

لندن میں فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس میں برطانیہ کے وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیا ہمیش فالکنر ایم پی سے ملاقات کے دوران انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے ایک مضبوط  شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات میں برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل بھی موجود تھے۔ چیئرمین سینیٹ نے فالکنر کو بطور وزیر  تقرری پر مبارکباد دی۔

چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے میں پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو اجاگر کیا۔

یوسف رضا گیلانی نے برطانیہ کے ساتھ اقتصادی، دفاعی اور تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور جنوبی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام کے حصول کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازع کے حل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

مزید پڑھیے: برطانیہ: بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت کو شکست، لیبر پارٹی نے میدان مارلیا

چیئرمین سینیٹ نے غزہ کی سنگین انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور تنازعہ فلسطین کے حل پر  بھرپور زور دیا۔

وزیر مملکت فالکنر نے ایف سی ڈی او کے دورے پر چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے  تجارت اور سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، دفاع ، تعلیم اور سماجی و اقتصادی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتے ہوئے  پاکستان اور برطانیہ کی شراکت داری کو  آگے بڑھانے کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ  مل کر کام کرنے کی اپنی خواہش کا اعادہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp