سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت بجلی، تیل اور تنخواہ دار طبقوں پر ٹیکس سے پیسہ کما رہی ہے، اپوزیشن جماعتوں کو اکھٹا ہونا پڑے گا۔ 7 ماہ سے علیحدہ علیحدہ احتجاج اپوزیشن کی نا اہلی ہے۔ سپریم کورٹ کے ججز کے خلاف باتیں ہو رہی ہیں، کوئی پوچھنے والا نہیں۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ یہ بات طے ہوگئی ہے کہ بجلی کے بلوں میں کمی نہیں ہونی۔ اپوزیشن لیڈر کی نااہلی ہے کہ 7 ماہ بعد بھی علیحدہ علیحدہ احتجاج کر رہے ہیں،جب تک اپوزیشن جماعتیں اکھٹی نہیں ہوتیں، حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، پی ٹی آئی کے 25 لوگ لاپتا ہیں مگر کسی کو پرواہ نہیں۔
مزید پڑھیں:’آپ عثمان بزدار سے جیلس ہو رہے ہیں‘، فواد چوہدری نے شہباز گِل کو یہ بات کیوں کہی؟
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس عالیہ نیلم کی تقرری کے خلاف حامد خان گروپ نے درخواست دی، سپریم کورٹ کے ججز کے خلاف باتیں ہو رہی ہیں مگر کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔
9 مئی مقدمات: 36 ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے 3 مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمرایوب، سابق وفاقی وزرا اسد عمر اور فواد چوہدری سمیت 36 ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی پر آج پابندی لگا دی جائیگی، فواد چوہدری کا دعویٰ
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں عسکری ٹاور حملہ، تھانہ شاد مان جلاؤ گھیراؤ سمیت 9 مئی کے 3 مقدمات کی سماعت ہوئی۔ اے ٹی سی کے جج خالد ارشد نے ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، فواد چوہدری، مسرت جمشید چیمہ سمیت دیگر ملزمان نے عدالت پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی جبکہ تمام رہنما عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے۔