جماعت اسلامی کے دھرنا میں شرکت کرنے والے پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین پولیس کو دیکھتے ہی دھرنا سے اپنا خطاب ادھورا چھوڑ کر چلے گئے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اسلام آباد اور راولپنڈی کی قیادت نے راولپنڈی میں جاری جماعت اسلامی کے دھرنے میں شرکت کی۔ اسلام آباد سے شعیب شاہین، عامر مغل اور راولپنڈی سے شہریار ریاض جماعت اسلامی کے دھرنے میں پہنچے۔
قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے پی ٹی آئی قیادت کا دھرنے میں استقبال کیا۔
جماعت اسلامی نے رہنما پی ٹی آئی شعیب شاہین کو دھرنے کے شرکا سے خطاب کی دعوت دی۔ انھوں نے جیسے ہی تقریر شروع کی، کچھ ہی دیر میں پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی، جسے دیکھ کر شعیب شاہین نے اپنا خطاب ادھورا چھوڑا اور موٹرسائیکل پربیٹھ کر چلے گئے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں اپنے آفیشل ایکس آکاؤنٹ سے جاری ہونے والے بیان میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا ’بجلی کے بلوں اورٹیکسز میں ہوشربا اضافے پر جماعت اسلامی کے دھرنے کی حمایت کرتا ہوں۔ ‘
ان کا کہنا تھا’میری پارٹی قیادت اور کارکنان کو ہدایات ہیں کہ وہ جماعت اسلامی کے دھرنے میں شرکت کریں۔‘
خیال رہے کہ جماعت اسلامی کا بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے راولپنڈی کے لیاقت باغ میں دھرنا آٹھویں روز بھی جاری ہے۔