وفاقی وزیر امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ 5 اگست جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ 5 اگست 2019 کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حثیت ختم کی۔ 5 اگست کو ملک بھر میں یوم استحصال منایا جائے گا۔
اسلام آباد میں کشمیری حریت رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ کشمیری اپنا حق مانگتے ہیں تو ان پر ظلم کیا جارہا ہے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پرغاضبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔ 5 اگست کو بھارتی قبضے کے 5 برس مکمل ہوجائیں گے اس دوران بھارت نے 887 کشمیریوں کو شہید کیا۔
مزید پڑھیں:’کشمیر کی جلتی وادی میں بہتے ہوئے خون کا شور سنو‘
وفاقی وزیر امورِ کشمیر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری بھائیوں کی جدوجہد جاری ہے۔ اقوام متحدہ کی کشمیر پر قرداروں پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔ کشمیریوں کا فیصلہ ان کی رائے کے مطابق ہونا چاہیے۔ مقبوضہ کشمیر میں زور زبردستی آوازیں دبانے کی کوشش کی گئی، مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر روا رکھا گیا جو تاحال جاری ہے۔
امیر مقام کا کہنا تھا کہ پورا پاکستان معصوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ عالمی ادارے کشمیر میں جاری بھارتی مظالم رکوانے میں کردار ادا کریں۔ بھارت نے کشمیر کی حیثیت بدلنے کی کوشش کی۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیرقانونی قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔