کرکٹر یونس خان کو اداکار کا جواب

ہفتہ 1 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سوشل میڈیا پلیٹ فارم جہاں سماجی رابطوں کے فروغ کا باعث ہے وہیں اس پلیٹ فارم پر کبھی کبھی مشہور و معروف شخصیات کے درمیان پیدا ہوجانے والی بدمزگی ٹاپ ٹرینڈ کی صورت اختیار کر جاتی ہے۔ گزشتہ دنوں ایسا ہی ایک ٹرینڈ اُس وقت صارفین کی توجہ کا مرکز بنا جب پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان اور اداکار محب مرزا کی مابین مکالمے نے تکرار کی صورت اختیار کر لی۔ اس موقع پر کرکٹر یونس خان کے رویے پر سوشل میڈیا صارفین برس پڑے۔

’ہر انسان کا اپنا نظریہ اپنی سوچ ہے‘

اس حوالے سے اداکار محب مرزا نے وی نیوز  سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’اس بارے میں کچھ نہیں کہناچاہتا کیونکہ جو جواب دینا تھا  دے دیا جو کلپ میں دیکھ لیں، بس باقی ہر انسان کا اپنا  نظریہ اپنی سوچ ہے‘۔

’کامیابی کے لیے نظم و ضبط ضروری ہے‘

اس سوال پر کہ آپ انڈسٹری میں کامیابی کو کیسا دیکھتے ہیں محب مرزا کا کہنا تھا کہ ’میں ویسے تو کسی بھی چیز کو اہمیت نہیں دیتا لیکن کامیابی کے لیے مجھے لگتا ہے مسلسل اور مستقل مزاجی کے ساتھ نظم و ضبط کا ہونا ضروری ہے‘۔

محب مرزا کا ایک انداز۔فوٹو سوشل میڈیا

’پورے کیریئر میں اتنی بڑی داڑھی نہیں رکھی‘

اپنے لوکس تبدیل کرنے کے حوالے سے معروف اداکار کا کہنا تھا کہ ’مجھے نئے تجربات کرنا اچھا لگتا ہے،اپنے پورے کیریئر میں اتنی بڑی داڑھی نہیں رکھی تھی، مستقبل میں اسے کسی رول میں استعمال کر لیں گے۔

’میں بہت غیر سنجیدہ آدمی ہوں‘

اپنی شخصیت کے حوالے سے محب مرزا کہتے ہیں کہ’میں سنجیدہ نظر آتا ہوں میں سنجیدہ بالکل نہیں ہوں بلکہ میں بہت غیر سنجیدہ آدمی ہوں‘۔

’کریکٹر ’حاتم‘ میرا فیوریٹ ہے‘

بحیثیت اداکار خود نباہے گئے اپنے پسندیدہ کردار کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’میری کئی ٹیلی فلمز اور سیریز ہیں جن میں معاشرے کے اہم موضوعات پر بات ہوئی لیکن  ہماری انڈسٹری میں مرد اداکار کو اتنے مواقع نہیں ملتے کہ وہ اس سوسائٹی میں اپنے جذبات کا اظہار کر سکے۔ جیسے اگر مرد کبھی کوئی غلطی کرے تو وہ خود کتنا دباؤ کا شکار ہوتا ہے یہ بتا سکے، اس لیے کریکٹر ’حاتم‘ میرا فیوریٹ ہے کہ وہ اپنی غلطی کا مداوا کر لیتا ہے۔

’صنم سعید ایک پُر سکون شخصیت ہے‘

اپنی ازدواجی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے محب مرزا کا کہنا تھا کہ  ’بغیر ہمسفر کے زندگی ممکن نہیں ہے اور دونوں میں ایک دوسرے کے لیے احساس ہو تو سب ہو جاتا ہے۔ صنم سعید ایک پُر سکون قسم کی شخصیت ہے‘۔

’وہاج نے مسلسل محنت کی ہے‘

اس سوال پر کہ آپ کو انڈسٹری میں کس اداکار کا کام پسند ہے؟ محب مرزا کا کہنا تھا کہ ’میں یہاں حوصلہ افزائی کروں گا اداکار وہاج کی، جب میں پاکستان آئیڈیل میں تھا تو وہاج 10 مہینے میرے پروڈیوسر تھے اس وقت یہ نیوز کاسٹر بھی تھے۔ ان کے ساتھ 10 ماہ کا سفر  بہت اچھا گزرا۔ وہاج نے مسلسل محنت کی ہے اور انہیں دیکھ کر  خوشی ہوتی ہے۔ ڈراما ’تیرے بن‘ میں ان کو جو اسکرپٹ ملا ہے، وہ اس میں جو چمتکار  دکھا سکتے ہیں دکھا رہے ہیں۔

’بہت ساری لائنز کراس بھی کروں گا‘

مستقبل میں اپنی پروفیشنل سرگرمیوں کے حوالے سے محب مرزا کا کہنا تھا کہ ’بہت جلد آپ مجھے سیریز، فلم،سلیبرٹیز ٹاک شو میں دیکھیں گے۔ اس کے علاوہ ایک آن لائن شو کر رہا ہوں جس میں بہت ساری لائنز کراس بھی کروں گا‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp