عوام پاکستان پارٹی کے بانی رکن زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم بنائے جانے کے بعد سے ہی شہباز شریف نے انہیں ناکام بنانے کی کوششیں شروع کردی تھیں۔
وی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی ابتدا سے ہی کوشش تھی کہ شاہد خاقان عباسی کو ایک نااہل وزیراعظم ثابت کیا جائے۔
زعیم حسین قادری نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نہیں بلکہ نواز شریف اور شہباز شریف شاہد خاقان عباسی کو کام کرنے سے روکتے تھے تاکہ وہ ناکام ہوجائیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ن لیگ اس وجہ سے چھوڑی کیونکہ پارٹی میں ان کی بات نہیں سنی جارہی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی سے بوٹ پالش نہیں ہوتی تھی اس وجہ سے انہوں نے پارٹی چھوڑ دی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل کو پارٹی سے نکلوانے میں اسحاق ڈار کا مرکزی کردار تھا۔
زعیم قادری نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی ایک نیا سیاسی ادارہ بننے جارہی ہے جس کے لیے گزشتہ ڈیڑھ سال سے کام ہورہا تھا اور ہم نے بہت محنت سے اس کا مسودہ تیار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پارٹی کسی کی جاگیر نہیں ہے اور یہاں سب کو آگے بڑھنے کا موقع مل سکتا ہے۔
’نواز شریف اور شہباز شریف کا جمہوریت سے کوئی تعلق نہیں‘
زعیم حسین قادری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا پارٹی کے اندر ہمیشہ سے آمرانہ رویہ رہا ہے اور اس جماعت میں کسی کی کوئی شنوائی ہی نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ جنہوں نے جماعت کے لیے جیلیں کاٹیں انہیں نواز شریف نے پیچھے چھوڑ دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2008 میں نواز شریف نے مسلم لیگ ق سے 38 لوگوں کو ایم این اے اور ایم پی اے کے ٹکٹ دیے حالانکہ انہی لوگوں نے مسلم لیگ ن کے کارکنان اور رہنماؤں پر اپنے دور میں مظالم ڈھائے تھے۔
زعیم حسین قادری نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کا جمہوریت سے کوئی تعلق نہیں ہے اور ہمیں یہ کہہ کر پیچھے کردیا گیا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کو آپ کی شکلیں پسند نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں جانے کے حوالے سے پارٹی کے اندر ابھی کوئی بات نہیں ہوئی لیکن ان کی رائے یہ ہے کہ پارٹی کو پاکستان ڈیموکریٹس الائنس 2 کا حصہ بننا چاہیے۔
زعیم حسین قادری نے کہا کہ ن لیگ کے لوگ نجی محفلوں میں کہہ رہے ہیں کہ ہم فارم 47 والے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 8 فروری کے الیکشن میں کون ہے جو کہتا ہو کہ وہ جیتا ہوا ہے۔
انہوں نے نواز شریف پر زور دیا کہ وہ اپنے حلقے کے فارم 45 جمع کروا دیں اور فارم 47 کو ٹھیک ثابت کردیں۔ٓ