عراق میں ایک فوجی اڈے پر مشتبہ راکٹ حملے میں متعدد امریکی اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق، مغربی عراق میں واقع فوجی اڈے ’الاسد ایئر بیس‘ پر 2 ’کٹیوشا‘ راکٹ داغے گئے جو فوجی اڈے کے اندر آکر گرے، الاسد ایئربیس پر گزشتہ 10 دن میں ہونے والا یہ دوسرا حملہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اردن میں امریکی فوجی اڈے پر ڈرون حملہ، 3فوجی ہلاک، 25 زخمی، امریکا کا ایرانی حمایت یافتہ عسکری گروپوں پر الزام
امریکی دفاعی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ایئربیس پر راکٹ حملے میں کم سے کم 7 امریکی فوجی زخمی ہوئے جس میں سے ایک اہلکار کی حالت انتہائی نازک ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق، ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ حملہ ایران کی جانب سے حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بدلے کے طور پر کیا گیا یا حملے کے پیچھے کسی اور عسکری گروپ کا ہاتھ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کا ایران پر جوابی حملہ: پاسداران انقلاب نے فوجی اڈے کو نقصان پہنچانے کا صہیونی دعویٰ مسترد کردیا
واضح رہے کہ عراق میں امریکی ایئر بیس پر یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب گزشتہ ہفتے لبنان میں حزب اللہ کے ایک سینئر کمانڈر فواد شکر اور ایران میں حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کی اسرائیلی حملے میں شہادت کے بعد پورے مشرق وسطیٰ میں تناؤ میں اضافہ ہوا ہے۔