دنیا کے سستے ترین شہروں میں پاکستانی شہر کتنے ہیں؟

منگل 6 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک میں مہنگائی کے خلاف اپوزیشن جماعتوں اور عوام کا شدید ردعمل سامنے آرہا ہے، اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، مہنگی بجلی کے خلاف دھرنے جاری ہیں اور خبریں آرہی ہیں کہ لوگ زیورات اور گھریلو سامان فروخت کرکے بجلی کے بل ادا کررہے ہیں۔

تاہم، مہنگائی کی مارے عوام کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ وہ ایک ایسے ملک میں رہتے ہیں جس کے 3 بڑے شہروں کو دنیا کے سستے ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کے مضبوط ترین پاسپورٹس کی فہرست میں پاکستان کہاں کھڑا ہے؟

ڈیٹا کمپنی نمبیو (Numbeo) نے حال ہی میں جنوری سے جون 2024ء تک کے ڈیٹا کی بنیاد پر دنیا کے سستے ترین شہروں کی فہرست جاری کی ہے جس میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد بھی شامل ہیں۔

کمپنی کی جانب سے امریکا کے شہر نیویارک کو بنیاد بنا کر وہاں کی طرز زندگی، اخراجات، کرائے، ہوٹلوں، اشیا کی قیمتوں اور مقامی افراد کی قوت خرید کا دنیا کے دیگر 218 شہروں سے موازنہ کیا گیا۔

نمبیو کی جاری کردہ فہرست میں کراچی کو دنیا کا سستا ترین شہر قرار دیا گیا ہے جو نیویارک کے مقابلے 81 فیصد سستا ہے۔ فہرست کے مطابق، دنیا کا دوسرا سستا ترین شہر لاہور ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کے امیر ترین شہری کہاں رہائش پذیر ہیں؟

دنیا کے سستے ترین شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر بھارت کا شہر کولکتہ جبکہ چوتھے نمبر پاکستان کا دارالحکومت اسلام آباد ہے جو نیویارک کے مقابلے 78.5 فیصد سستا ہے۔

سستے ترین شہروں میں پانچویں نمبر پر انڈیا کا شہر چنائی، چھٹے نمبر پر مصر کا دارالحکومت قاہرہ جس کے بعد انڈیا کے شہر احمد آباد، حیدرآباد، دلی اور پونے کو دنیا کے سستے ترین 10 شہروں میں شمار کیا گیا۔

دنیا کے مہنگے ترین شہر

دوسری جانب مہنگے ترین شہروں میں سوئٹزر لینڈ کے شہر جنیوا اور زیورخ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔ مہنگے ترین شہروں کی فہرست میں امریکا کے شہر نیویارک اور سان فرانسسکو تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی پہلے نمبر پر آگیا

امریکی شہر بوسٹن کو دنیا کا پانچواں مہنگا ترین شہر قرار دیا گیا جبکہ آئس لینڈ کا شہر ریکجاوک (Reykjavik) چھٹے اور واشنگٹن ڈی سی ساتویں نمبر پر رہا۔

امریکا کے شہر سی ایٹل، لاس اینجلس اور شکاگو مہنگے ترین شہروں کی فہرست میں آٹھویں، نویں اور دسویں نمبر پر رہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp