پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور پارٹی کے زیرعتاب رہنما شیر افضل مروت کی منگل کو ملاقات ہوئی جس سے شیر افضل مروت اور پارٹی کے مابین غلط فہمیوں کے خاتمے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی سے نکالے جانے کا نوٹیفکیشن مسترد کردیا
صحافیوں نے پارلیمنٹ کے باہر دونوں رہنماؤں سے ملاقات کے حوالے سے دریافت کیا جس پر گوہر خان نے بتایا کہ انہوں نے شیر افضل مروت کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ میں تو کہتا ہوں ابھی اڈیالہ چلیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ شیر افضل مروت کی بنیادی رکنیت کے نوٹیفکیشن کے حوالے سے کہا کہ وہ ان کے علم میں نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اس بارے میں عمر ایوب نے بھی نہیں کچھ نہیں بتایا۔ پھر پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ نوٹیفکیشن غلط فہمی کی وجہ سے جاری ہوا ہوگا۔
مزید پڑھیے: میرے گلے شکوے عمران خان سے ہیں، شیر افضل مروت کا پارلیمانی پارٹی اجلاس میں تحفظات کا اظہار
انہوں نے کہا کہ شیر افضل مروت کا معاملہ ہمارا پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے اس پر بات نہ کی جائے۔
https://twitter.com /MehwishQamas/status/1820776420173549630
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ شیر افضل مروت ہمارے ساتھ ہے اور رہیں گے، 2 دن صبر کر جائیں آپ کو اچھی خبر ملے گی۔
واضح رہے کہ 2 اگست کو ایڈیشنل سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی فردوس شمیم نقوی کے دستخطوں سے جاری ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکال دیا گیا تھا۔
اس سے قبل شیر افضل مروت کی پارٹی رکنیت معطل کی گئی تھی جبکہ عمران خان بھی ان سے ملنے سے انکار کرچکے ہیں۔
نوٹیفکیشن جاری ہونے پر قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے اسے مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جلد عمران خان سے ملاقات کرکے حقائق عوام کے سامنے لائیں گے۔