بھارت میں شائقین کرکٹ کے دلوں کی دھڑکن سمجھے جانے والے سابق کرکٹر سچن ٹنڈولکر کو کرکٹ کے ابتدائی دنوں کے بہترین دوست ونود کامبلی کی خرابی صحت پر مداحوں نے جھنھوڑ کر رکھ دیا ہے، اور سابق اسٹار کرکٹر سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ وہ اپنے دوست کی مدد کریں۔
سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں سابق بھارتی کرکٹر ونود کامبلی لوگوں کے سہارے پر چل رہے ہیں، اور یوں لگ رہا ہے کہ جیسے خرابی صحت کے باعث ان کے لیے چلنا بہت مشکل ہورہا ہے۔
Vinod Kambli urgently needs assistance. I sincerely hope someone from Indian cricket steps forward to help him. It’s heartbreaking to see him in this condition.pic.twitter.com/hWkew6Lxsm
— Out Of Context Cricket (@GemsOfCricket) August 6, 2024
سوشل میڈیا صارفین میں سے کچھ افراد نے کہاکہ ونود کامبلی کی یہ حالت نشے کی وجہ سے ہوئی ہے، جبکہ کچھ افراد کا موقف ہے ان کی طبیعت ناساز ہے جس کے باعث انہیں چلنے پھرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
کچھ سوشل میڈیا صارفین نے ایکس پر سچن ٹنڈولکر کو ویڈیو کے نیچے ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ونود کامبلی آپ کے کرکٹ کے دنوں کے قریبی دوست ہیں، وہ ان دنوں صحت کے مسائل کا شکار ہیں، اور مالی حالت بھی اچھی نہیں، لہٰذا آپ ان کی مدد کریں۔
واضح رہے کہ ونود کامبلی کو کافی عرصے سے صحت کے مسائل کا سامنا ہے، انہیں 2013 میں دل کا دورہ پڑا تھا، اور اُس موقع پر ایک پولیس اہلکار نے انہیں اسپتال منتقل کیا تھا، جہاں ان کی انجیو پلاسٹی ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں ویرات کوہلی سے شعیب ملک تک، کونسے کھلاڑی اپنے ریسٹورنٹ چلا رہے ہیں؟
دوسری جانب سوشل میڈیا پر زیرگردش ویڈیو کی تاحال کوئی تصدیق نہیں ہوسکی کہ وہ کس موقع کی ہے، اور لوگ سابق کرکٹر ونود کامبلی کو سہارا دے کر کیوں چلا رہے ہیں۔ جبکہ سچن ٹنڈولکر نے بھی اس پر کوئی بیان نہیں دیا۔