خود کو شیخ مجیب سے ملانے والے عمران خان اب یوٹرن لے رہے ہیں، عطا تارڑ

بدھ 7 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

  وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان یوٹرن کے بادشاہ ہیں، ان کو قول و فعل میں تضاد کی ڈگری دینی چاہیے، عمران خان شیخ مجیب کو ہیرو مانتے تھے، اب ان کا ایک مجسمہ گرنے سے انہوں نے اپنا ایمان بدلتے ہوئے کہا کہ دیکھیں عوام نے بنگلہ دیش میں کیا کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے بلال کیانی نے قومی اسمبلی اور سینیٹر طلال چوہدری نے سینیٹ میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل پیش کیا، الیکشن ایکٹ کا بل قومی اسمبلی اور سینیٹ سے کثرت رائے سے منظور ہوا، فلور کراسنگ کے حوالے سے آئین و قانون واضح ہیں۔

مزید پڑھیں: نفرت پھیلانے والوں کے راستے کی دیوار بنیں گے، وزیر اطلاعات عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور ہوا ہے، آئین کے مطابق آزاد امیدوار 3 دنوں میں کسی سیاسی جماعت کا حصہ بنتا ہے، کیا آزاد رکن کے حلف نامے کو منسوخ کیا جاسکتا ہے؟ پرائیویٹ ممبر بل کے ذریعے رول کو قانون میں تبدیل کیا گیا ہے، اس پر سپریم کورٹ کے 2معزز ججز نے اہم سوالات اٹھائے ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ججز نے سوال اٹھایا کہ 15 دن گزرنے کے بعد بھی تفصیلی فیصلہ جاری نہیں کیا گیا، پی ٹی آئی نے ایک ایسی پارٹی میں شمولیت اختیار کی جس کا پارلیمان میں وجود ہی نہیں تھا، متناسب نمائندگی کے لیے ضروری ہے کہ ہرسیاسی جماعت مخصوص نشستوں کے لیے اپنے امیدواروں کی فہرستیں آویزاں کرتی ہے۔

بنگلہ دیش کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام بنگلہ دیش کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، بنگلہ دیش کے لوگوں کے عزم کو سراہتے ہیں، بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے آپ کا موازنہ شیخ مجیب کے ساتھ کیا تھا، پی ٹی آئی رہنماﺅں نے ٹیلی ویژن پر آکر کہا کہ ہمارا لیڈر شیخ مجیب کی طرح ہے، اب یہ یو ٹرن نہ لے تو وہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کہلا ہی نہیں سکتا۔

’ان کا کوئی دین ایمان بھی ہے یا نہیں، بنگلہ دیش میں جب شیخ مجیب کے مجسمے گرائے گئے تو کہتے ہیں کہ دیکھیں عوام نے کیا کیا‘۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان ملک کی بنیادیں کھوکھلی کرنا چاہتے ہیں، عطا تارڑ

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملکی اور بین الاقوامی صورتحال پر چہ مگوئیاں ہورہی ہیں، 1971 کے حوالے سے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی گئی، بنگلہ دیش اور الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 پر بات ہونی چاہیے۔ عمران خان کی جماعت نے یہاں شیخ مجیب کا بیانیہ بنایا اور ہیرو ڈیکلیئر کیا، تحریک انصاف کے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ سے شیخ مجیب کو ہیرو ڈیکلیئر کرنے کی پوسٹیں لگائی گئیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp