بھارتی ریاست بہار میں ایک شخص نے اپنی بیوی کی شادی اس کے بچپن کے دوست اور محبوب سے کروادی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، یہ واقعہ ضلع لکھی سرائے کے گاؤں رمنا نگر کا ہے جہاں 26 سالہ راجیش کمار کی شادی 2021 میں 22 سالہ خوشبو کماری سے ہوئی تھی۔ اس شادی سے ان کا ایک 2 سالہ بیٹا ایوش بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عامر لیاقت کی بیوہ دانیہ شاہ نے دوسری شادی کرلی، شوہر کون ہیں؟
راجیش سے شادی کے باوجود خوشبو اپنی بچپن کی محبت 24 سالہ چندن کمار سے رابطے میں رہی۔ ان دونوں کی محبت کی داستان اس وقت سامنے آئی جب چندن کمار ایک رات دیر گئے خوشبو سے ملنے اس کے گھر گیا اور خوشبو کے سسرال والوں کے ہتھے چڑھ گیا۔
اگلے روز خوشبو کے شوہر راجیش نے چندن کمار کو پورے گاؤں کے سامنے پیش کیا اور ان کی اجازت سے اپنی بیوی خوشبو کی شادی اس کے بچپن کے دوست چندن سے کروا دی۔
خوشبو اور چندن کی شادی کی تقریب ایک مقامی مندر میں منعقد کی گئی جس میں راجیش نے خوشبو کو وداع کیا اور نئے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سیما حیدر کے بعد ایک اور پاکستانی لڑکی نے بھارت جاکر شادی رچا لی
راجیش کا کہنا ہے، ’میری بیوی خوشبو اور چندن ایک دوسرے سے بہت محبت کرتے تھے، وہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ خوش اور آباد رہیں، یہ سوچ کر میں نے ان دونوں کی شادی کروا دی۔‘
اپنا بچپن کا پیار پانے پر خوشبو اور چندن نہایت خوش ہیں۔ خوشبو نے میڈیا کو بتایا، میرے شوہر کو چندن کے ساتھ میرے تعلق کے بارے میں علم ہوگیا تھا جس کے بعد انہوں نے چندن کے ساتھ میری شادی کرائی جس پر میں ان کی بے حد شکرگزار ہوں۔‘
اس غیرمعمولی واقعے اور صورتحال کے باوجود راجیش نے اپنے بیٹے سے راہیں جدا نہیں کیں۔ ایوش اب اپنی ماں کے ساتھ رہتا ہے لیکن راجیش اور خوشبو کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بیٹے سے بے انتہا محبت کرتے ہیں۔