بنگلہ دیش سے اپنی حمایت یافتہ حکومت کے خاتمے کے بعد بھارت کی مودی سرکار حواس باختہ ہوکر بنگلہ دیش کی سرحد کے ساتھ لگنے والی اپنی ریاستوں میں کرفیو نافذ کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مودی حکومت نے اپنی ریاست میگھالیہ کے بعد منی پور میں بھی رات کے اوقات میں کرفیو نافذ کردیا ہے، منی پور حکومت نے ضلع فیرزاول اور جریبم میں منگل کی رات کو کرفیو لگاتے ہوئے سیکورٹی کو مزید بڑھانے کی ہدایت کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: شیخ حسینہ کے اقتدار کا خاتمہ بھارت کے لیے باعث پریشانی کیوں؟
محکمہ داخلہ کے جوائنٹ سیکریٹری نے منی پور میں حکام کو کرفیو کے نفاذ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بنگلا دیش میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پڑوسی ملک سے منی پور میں لوگوں کی آمد کا امکان ہے،غیر قانونی تارکین وطن کی آمد کو روکنے کے لیے سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی تیاست منی پور کی میانمار کے ساتھ 398 کلو میٹر سرحد ملتی ہے، لیکن بنگلا دیش کے ساتھ کوئی سرحد نہیں ملتی، تاہم منی پور حکومت نے سرحد جنوبی آسام کے ساتھ ملنے کی وجہ سے منی پور میں بھی کرفیو نافذ کردیا، کیونکہ آسام کی ریاست بنگلا دیش کے ساتھ ملتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش سپریم کورٹ بار کا بھارت سے شیخ حسینہ واجد کو واپس بھیجنے کا مطالبہ
یاد رہے مسلسل 15 سال زائد عرصے تک برسراقتدار رہنے والی بنگلادیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد طلبا تحریک کے نتیجے میں اقتدار چھوڑ کر بھارت فرار ہوگئی تھیں۔