جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کل کا دن اہم ہے، آگے بڑھنے کا اعلان کریں گے، ہم اپنی قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔
راولپنڈی میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ، تنخواہ داروں پر ٹیکسز اور بجلی کے بلوں میں کمی بنیادی مطالبات ہیں۔ حکمران اشرافیہ بڑی بلٹ پروف گاڑیاں چھوڑ کر چھوٹی گاڑیوں کا استعمال کرے۔
یہ بھی پڑھیں پارلیمنٹ اور ڈی چوک ہم سے دور نہیں، حافظ نعیم الرحمان کا ملک گیر ہڑتال کا اعلان
انہوں نے کہاکہ 14 اگست پورے عزم کے ساتھ منائیں گے، حق دو تحریک کو پورے ملک میں منظم کیا جائے گا، ہم بلوچوں، پشتونوں، پنجابیوں، سندھیوں سمیت سب کو ایک لڑی میں پروئیں گے، ملک میں ہرادارے کو اپنی آئینی حدود میں کام کرنا ہوگا۔
’قادیانیوں کے مسئلے پر چیف جسٹس کو خط لکھوں گا‘
حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ جلسے جلوس ہر پارٹی کا حق ہے، تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، قادیانیوں کے مسئلے پر چیف جسٹس کو خط لکھوں گا، ہم اسلام اور آئین سے متصادم فیصلہ تسلیم نہیں کرتے، لیکن فیصلے کی آڑ میں کسی کو انارکی پھیلانے کا کوئی حق حاصل نہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ ملک میں سیاسی پارٹیوں میں سے کسی کوبھی عوام کی فکر نہیں، حکومتی پارٹیاں لوٹ مار میں مصروف، اپوزیشن جماعتوں کو اپنی اپنی پڑی ہے، صرف جماعت اسلامی عوام کے لیے آواز اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 77برس سے فیملی انٹرپرائز ملک پر قابض ہیں۔ حکمران اشرافیہ کبھی بوٹ پالش کر کے تو کبھی فارم 47 کے سہارے عوام پر مسلط ہو جاتی ہے، ان لوگوں سے جان چھڑائیں گے، دھرنا انقلاب کی نوید ہے۔
مزدوروں کے حقوق کے لیے آواز اٹھائیں گے
انہں نے کہاکہ ہم ملک میں مزدوروں کے حقوق کے لیے آواز اٹھائیں گے، خواتین کو حق دلانے کے علاوہ عوام کو مہنگائی، بے روزگاری کے عذاب سے چھٹکارا دلائیں گے، جاگیردارانہ سماج میں لوگوں کو حقوق حاصل نہیں، جاگیریں انگریزوں کی عطا کردہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں جو کچھ بنگلہ دیش میں ہوا وہی ہمارے حکمرانوں کا بھی مقدر ہوگا، حافظ نعیم الرحمان
انہوں نے کہاکہ لینڈ ریفارمز جماعت اسلامی کی قومی تحریک کا اہم ایجنڈا ہے، ہم نے تصادم کا راستہ اختیار نہیں کیا، پرامن سیاسی مزاحمت پر یقین رکھتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ ہم پورے پاکستان کے لیے امید کا پیغام ہیں، دھرنے کے شرکا پورے ملک میں جماعت اسلامی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔