کیا پاکستانی دستہ پیرس اولمپیکس سے بھی خالی ہاتھ لوٹے گا؟ اس کا دارومدار جیولن تھرو ایونٹ میں شریک پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کی کارکردگی پر ہوگا، جو آج پاکستانی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 25 منٹ پر جیولن تھرو کے فائنل میں 11 دیگر ایتھلیٹس سے مقابلہ کریں گے۔
اولمپکس میں پاکستان نے آخری تمغہ 32 سال قبل 8 اگست 1992 کو بارسلونا اولمپکس میں نیدرلینڈز کو ہاکی میں 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر جیتا تھا، پاکستان کی جانب سے حاصل کیا گیا وہ کانسی کا تمغہ آخری اولمپک تمغہ جیتنے کا حوالہ بن کر رہ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیرس اولمپکس 2024: ارشد ندیم نے جیولین تھرو فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا
تاہم اس بار پیرس میں جاری اولپمکس مقابلوں میں پاکستانیوں کی نظریں ہاکی ٹیم پر نہیں بلکہ جیولن تھرو ایونٹ میں شریک ارشد ندیم پر مرکوز ہیں، وہی تاریخ اور اولمپکس میں تمغہ جیتنے کی آرزو بھی وہی ہے بدلا ہے تو فقط امیدوں کا مرکز، پاکستانیوں کی ساری امیدیں اس مرتبہ جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں پاکستانی ایتھلیٹ کی کارکردگی سے وابستہ ہیں۔
جیولن تھرو کے فائنلسٹ ارشد ندیم نے قوم سے اپنی کامیابی کے لیے دعا کی اپیل کی ہے تاکہ وہ ملک کے لیے سونے کا تمغہ جیت سکیں،۔ ’میں فائنل میں پہنچا ہوں، 8 اگست کو پاکستانی وقت کے مطابق 11 بجکر 25 منٹ پر فائنل ہے، میرے لیے دعا کریں تاکہ میں اچھا پرفارم کروں اور پاکستان کے لیے تمغہ جیتوں۔‘
مزید پڑھیں: پیرس اولمپکس میں پاکستان کی واحد امید ارشد ندیم کا قوم کے نام پیغام ؟
پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ وہ فائنل میں اچھی کارکردگی کے لیے پرامید ہیں۔’شائقین کا سپورٹ کرنے پر مشکور ہوں، فارم میں اور فٹ ہوں، امید ہے فائنل میں بھارت کے نیرج چوپڑا اور میں اپنے اپنے ملک کا نام روشن کریں گے۔‘
یاد رہے کہ گزشتہ روز پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے سیمی فائنل جیت کر فائنل میں جگہ بنائی تھی، پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں بھارت کے نیرج چوپڑا نے پہلی باری میں 89.34 میٹر کی تھرو کی اور وہ پہلے نمبر پر رہے۔
مزید پڑھیں: پیرس ڈائمنڈ لیگ، جیولن تھرو مقابلوں میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کی چوتھی پوزیشن
واضح رہے کہ اولمپکس یہ ارشد ندیم کا اولمپکس میں مسلسل دوسرا فائنل ہے، ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس میں ارشد ندیم 5ویں پوزیشن پر رہے تھے، ارشد ندیم پاکستان کے لیے کامن ویلتھ گیمز میں سونے اور ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیت چکے ہیں۔