ترکیہ نے عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف غزہ میں قتل عام کے مقدمے میں فریق بننے کے لیے درخواست دائر کردی ہے۔
ترکیہ کے وزیر خارجہ ھاکان فیدان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ ہالینڈ میں ترکیہ کے سفیر نے ترک قانون سازوں کے ایک گروپ کے ساتھ مل کر دی ہیگ میں قائم بین الاقوامی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف مقدمے میں شامل ہونے کے لیے درخواست جمع کروائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی عدالت انصاف نے فلسطین پر اسرائیلی قبضے کو غیرقانونی قرار دے دیا
ھاکان فیدان نے کہا کہ اپنے جرائم میں استثنا ملنے کی وجہ سے اسرائیل کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور وہ ہر روز زیادہ سے زیادہ معصوم فلسطینیوں کو قتل کررہا ہے۔
’بین الاقوامی برادری کو قتل عام رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور اسے اسرائیل اور اس کے حامیوں پر ضروری دباؤ ڈالنا چاہیے۔ ترکیہ اس کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔‘
یہ بھی پڑھیں: اسپین کا عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف فریق بننے کا اعلان
اسپین، کولمبیا، نکاراگوا، لیبیا اور فلسطینی حکام نے اسرائیل کے خلاف غزہ میں قتل عام کا مقدمے میں فریق بننے کے لیے پہلے ہی درخواستیں دے رکھی ہیں، اب ترکیہ بھی ان ممالک میں شامل ہوگیا ہے۔