بلوچستان میں ایرانی پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں میں اب کمی آنا شروع ہوگئی ہے، صوبے میں اب ایرانی پیٹرول300 روپے فی لیٹر سے کم ہوکر 220 روپے سے 280 روپے فی لیٹرمیں فروخت ہورہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر مالک بلوچ کا وزیراعظم سے رابطہ، بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ساتھ معاملات گفت و شنید کے ذریعے حل کرنے پر زور
گزشتہ کئی دنوں سے گوادر میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے دھرنے کے باعث حکومت بلوچستان نے ایران سے متصل قومی شاہراہ سمیت قومی شاہراہیں بند کررکھی تھی جس کے باعث کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں ایرانی پیٹرول کی قیمت 300 روپے فی لیٹر تک جا پہنچی تھی۔
قومی شاہراہوں کی بندش سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا تھا، صوبائی حکومت نے عوام کی مشکلات کے پیش نظر اب قومی شاہراہیں کھول دی ہیں، جس کے باعث ایرانی پیٹرول کی ترسیل کا سلسلہ بھی جزوی طور پر بحال ہو گیا ہے۔
وی نیوز سے بات کرتے ہوئے ایرانی پیٹرول کے کاروبار سے منسلک جان محمد نے بتایا کہ ایرانی پیٹرول آنا شروع ہو گیا ہے، جس کے بعد ایرانی پیٹرول کی قیمتوں میں بھی کمی واقع ہونا شروع ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیکٹ چیک: کیا بلوچستان میں ایرانی پیٹرول 500 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا؟
جان محمد نے بتایا کہ مکران ڈویژن میں ایرانی پیٹرول 230 سے 250، کوئٹہ میں 280 جبکہ پشتون آبادی والے اضلاع میں 300 روپے فی لیٹر تک پہنچ چکا تھا، لیکن اب مکران ڈویژن میں 220، کوئٹہ 264، جبکہ پشتون آبادی والے اضلاع میں 280 روپے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے۔
یاد رہے کہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کا احتجاج 12ویں روز بھی جاری ہے، مظاہرین نے احتجاجاً مرین ڈرائیو کو آمدورفت کے لیے بند کررکھا ہے۔
ادھر حکومت بلوچستان نے کوئٹہ سے کراچی قومی شاہراہ سمیت تفتان سے کوئٹہ آنے والی قومی شاہراہ کو مختلف مقامات سے بند کر رکھا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے تاہم معمولات زندگی متاثر ہونے کی وجہ سے گزشتہ 2 روز سے قومی شاہراہ کو آمدورفت کے لیے جزوی طور پر بحال کیا گیا ہے جس کے بعد خوراک سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی ترسیل کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔