ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کے الزام میں گرفتار آصف مرچنٹ کی پاکستان میں کتنی جائیدادیں ہیں؟

جمعرات 8 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے میں مبینہ طور پر ملوث پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کی امریکا میں گرفتاری اور فرد جرم عائد ہونے کے بعد بہت متضاد نوعیت کی خبریں گردش کررہی ہیں، ایسی صورتحال میں پاکستان میں قانون نافذ کرنیوالے ادارے بھی متحرک ہوگئے ہیں۔

امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے فردِ جرم عائد کیے جانے کے بعد آصف مرچنٹ کیخلاف پاکستان میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہونے سے متعلق ریکارڈ جمع کیا جا رہا ہے تاہم ذرائع کے مطابق ابھی تک ان کیخلاف کوئی بھی قابلِ ذکر منفی معلومات یا مقدمہ سامنے نہیں آسکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ سمیت اہم افراد کے قتل کی کوشش کا الزام، پاکستانی شہری پر فرد جرم عائد

آصف مرچنٹ نے کہاں کہاں سفر کیا؟

ذرائع کے مطابق آصف مرچنٹ نے 3 مختلف پاسپورٹس پر 2 نومبر 2017 سے 8 اپریل 2024 کے دوران متعدد مرتبہ ایران کا سفر کیا ہے، آصف مرچنٹ 17 دسمبر 2023 کو امریکا سے واپس پاکستان آنے کے بعد 15 جنوری اور یکم اپریل 2024 کو کراچی سے ایران دو بار مرتبہ جاچکے تھے، 11 اپریل کو آصف مرچنٹ ترکیہ پہنچے اور وہاں سے امریکا روانہ ہوئے تھے۔

آصف مرچنٹ کی کراچی میں جائیداد اور تعلیمی قابلیت

ذرائع سے ملنے والی ابتدائی معلومات کے مطابق امریکا میں گرفتار کراچی کے رہائشی آصف مرچنٹ کی ملکیت میں گلشن اقبال اور جعفر طیار سوسائٹی میں 2 گھر ہیں، انہوں نے کراچی سے مینجمنٹ سسٹم میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی تھی۔

مزید پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ پر حملہ: امریکی سیکریٹ سروس کی سربراہ مستعفی

آصف مرچنٹ نے 2002 میں اپنے بینکنگ کریئر کا آغاز کیا جبکہ ذرائع کے مطابق ایک بینک کی جانب سے انہیں مبینہ کرپشن پر نوکری سے برخاست بھی کیا جا چکا ہے، آصف مرچنٹ کے پاس چار فعال موبائل نمبرز ہیں جس میں 3 پاکستانی جبکہ ایک بین الاقوامی نمبر ہے، ان کے پاس 3 گاڑیاں اور موٹرسائیکل کی موجودگی کا ریکارڈ بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے علم میں ہے۔

کرمنل اور ایف بی آر ریکارڈ کیا کہتا ہے؟ 

دیگر اداروں کی طرح پاکستان میں پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی کی جانب سے بھی آصف مرچنٹ کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، سی ٹی ڈی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف مرچنٹ کیخلاف کراچی کی حد تک کوئی مقدمہ سامنے نہیں آیا ہے اور نہ ہی ان کا کوئی کرمنل ریکارڈ ملا ہے۔

مزید پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ پر حملہ آور نوجوان کی حقیقت سامنے آگئی

پولیس ذرائع کے مطابق آصف مرچنٹ کیخلاف مختلف زاویوں سے تحقیقات کی جارہی ہے، اس دوران حکام نے بتایا ہے کہ آصف مرچنٹ کا نام ایف بی آر ریکارڈ کے مطابق ایکٹو فائلر لسٹ میں موجود ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp