وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پشاور رنگ روڈ کے قریب چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے پنجاب کے سرکاری اسپتالوں سے اسمگل کی گئی ادویات بھاری مقدار میں برآمد کرلیں۔
ترجمان ایف آئی کے مطابق، ایف آئی اے پشاور زون نے خفیہ اطلاع پر رنگ روڈ پر واقع گڈز ٹرانسپورٹ کمپنی کے دفتر پر چھاپہ مارا۔
یہ بھی پڑھیں: ایف آئی اے نے ’اپنا‘ جعلی ڈائریکٹر گرفتار کرلیا
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق، چھاپہ مار کارروائی میں جائے وقوعہ سے بھاری مقدار میں پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں سے اسمگل شدہ ادویات برآمد ہوئیں۔
کارروائی کے دوران سرجیکل آلات کے 19 کارٹن بھی برآمد ہوئے جو پنجاب حکومت کے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں جعلی دوائیں فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی ادویات کی مالیت لاکھوں روپے ہے جبکہ برآمد شدہ کارٹن کی فروخت ممنوع تھی۔
ترجمان ایف آئی نے کہا ہے کہ کارروائی کے بعد ملزمان کے خلاف انکوائری درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔