صدر مملکت آصف زرداری اور امامِ مسجد نبوی کے درمیان ملاقات، وسیع تر اتحاد امت کی ضرورت پر زور

جمعرات 8 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر پاکستان آصف علی زرداری اور مسجد نبویﷺ کے امام ڈاکٹر صلاح بن محمد ایم البدیر کے درمیان ملاقات میں مسلم امہ کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لیے مسلم ممالک کے درمیان وسیع تر اتحاد اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

جمعرات کو ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے مسجد نبویﷺ کے امام ڈاکٹر صلاح بن محمد ایم البدیر کا دورہ پاکستان پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ عقیدے، تاریخ اور بھائی چارے پر مبنی بہترین تعلقات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:امام کعبہ کی آرمی چیف سے ملاقات، کشمیر اور فلسطین پر غیر قانونی قبضے کی مذمت کرتے ہیں، شیخ صالح بن عبداللہ

صدر مملکت نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے دونوں برادر ممالک کو مزید قریب لانے کے لیے ثقافتی اور عوامی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

سعودی عرب کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ سعودی عرب ایک قریبی دوست ہے اور پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

مزید پڑھیں:9 مئی کے واقعات سے ملک کا تاثر بُری طرح متاثر ہوا، صدر مملکت آصف علی زرداری

امام مسجد نبویﷺ نے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت اور عوام پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط شراکت داری ہے اور دونوں ممالک کو عالم اسلام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔

انہوں نے سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان السعود کی جانب سے شروع کی گئی اصلاحات سعودی عرب میں مزید ترقی اور خوشحالی لائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:آج ہم دفاعی اعتبار سے ایک مضبوط ملک ہیں، صدر مملکت آصف علی زرداری

صدر مملکت نے شہزادہ محمد بن سلمان کی جرات اور وژن کو سراہا جو سعودی عرب کے عوام کی بہتری اور فلاح و بہبود کے لیے اصلاحات کے عمل کی قیادت کر رہے ہیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ امام مسجد نبویﷺ کے دورے سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ مسجد نبویﷺ کے امام نے پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے بھی دعا کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp