صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو مقابلوں میں گولڈ میڈل حاصل کرنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کردی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ارشد ندیم آپ پوری قوم کا فخر ہیں، آپ کی جیت پوری قوم کی جیت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ماں کی دعائیں رنگ لے آئیں، ارشد ندیم گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب
انہوں نے کہا کہ شاندار اولمپکس ریکارڈ قائم کرنا، طویل ترین جیولین تھرو کرنا بڑا کارنامہ ہے، پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے تمغہ جیت کر آپ نے ہمارا سر فخر سے بلند کردیا۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ ارشد ندیم نے اولمپکس جیسے بڑے مقابلے میں پاکستان کا نام روشن کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ارشد ندیم کو مبارکباد
وزیراعظم شہبازشریف نے بھی تاریخی ریکارڈ قائم کرنے اور گولڈ میڈل حاصل کرنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ماں کی دعائیں رنگ لے آئیں، ارشد ندیم گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا، ’شاباش ارشد ندیم ،آپ نے تاریخ رقم کردی، پیرس اولمپکس میں مینز جیولین مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے نوجوان ارشد ندیم پر پوری قوم کو فخر ہے۔‘
Bravo Arshad 👏🏻
History made!
Pakistan’s 🇵🇰 first Olympic men’s javelin champion, Arshad Nadeem @ArshadOlympian1 brings home a historic #gold medal at #Paris2024 ! You've made the whole nation proud young man. pic.twitter.com/zRkG3RC3ND— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) August 8, 2024
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم کے بیٹے اولمپئین ارشد ندیم پر والدین ہی نہیں ہم سب کو ناز ہے۔
ارشد ندیم نے قوم کا سر فخر سے بلند سے کردیا، آئی ایس پی آر
پیرس اولمپکس میں تاریخی کامیابی سمیٹنے پر پاک فوج نے بھی ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم اور قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، عالمی اولمپکس مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز فیفس نے اپنے پیغام میں ارشد ندیم کی جیت پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ارشد ندیم نے پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے انفرادی طور پر گولڈ میڈل حاصل کیا اور تاریخ میں اپنا نام روشن کیا، اولمپکس میں پاکستان کے لیے شاندار کامیابی ارشد ندیم کی غیرمتزلزل لگن، ثابت قدمی اور سخت محنت کا نتیجہ ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جیولین تھرو میں گولڈ میڈل جیت کر ارشد ندیم نے پاکستانی قوم کو سرشار اور اس کا سر فخر سے بلند کردیا ہے اور خود کو ایک قومی ہیرو ثابت کردیا ہے۔
ارشد ندیم کی کامیابی نوجوان نسل کے لیے ایک مثال ہے، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے بھی اولپکس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا، ’پاکستان کے اولمپک پرچم بردار ارشد ندیم کو شاندار جیولین تھرو مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور پاکستان کے لیے گولڈ میڈل حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘
Congratulations to Pakistan's Olympic flag bearer Arshad Nadeem for an absolute brilliant javelin performance winning a gold medal for Pakistan.
His persistence & perseverance has done him & the nation proud. It is the first time any Pakistani has won an individual gold for… pic.twitter.com/pHEQx3zJ0C
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) August 8, 2024
عمران خان نے کہا، ’ان ثابت قدمی اور استقامت ان کے اور قوم کے لیے قابل فخر ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب کسی پاکستانی نے اولمپکس میں ایتھلیٹکس مقابلوں میں انفرادی طور پر گولڈ میڈل جیتا ہے، وہ (ارشد ندیم) ہماری نوجوان نسل کے لیے ایک مثال ہیں۔‘
دیگر رہنماؤں کی ارشد ندیم کو مبارکباد
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، وفاقی وزیر احسن اقبال اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی ارشد ندیم کو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
ان رہنماؤں نے اپنے الگ الگ پیغام میں کہا کہ ارشد ندیم نے پیرس اولپمکس میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا ہے، ارشد ندیم نے بھرپور محنت اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ گولڈ میڈل جیتا، اس تاریخی کامیابی پر پورے قوم کو ان پر فخر ہے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے بھی پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر کی ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اولمپکس کی 118سالہ تاریخ میں منفرد ریکارڈ قائم کرنے پر ارشد ندیم مبارکباد کے مستحق ہیں۔
عمر ایوب خان کے مطابق ارشد ندیم نے پوری پاکستانی قوم کو ایک بہت ہی خوبصورت تحفہ دیاہے، انہوں نے محنت اور لگن سے یہ اعزاز اپنے نام کیا اور دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا، ان کی شاندار کارکردگی کی بدولت اولمپکس میں پاکستانی پرچم کی شان بڑھی۔
’اس شاندار کامیابی کا سہرا ارشد ندیم اور اس کے اہلخانہ کی محنت کو جاتا ہے، ان کی عظیم کامیابی نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، ان کی محنت، عزم اور لگن نے نہ صرف پاکستان کا نام روشن کیا ہے بلکہ دنیا بھر کے نوجوانوں کے لیے ایک مثال قائم کی ہے۔‘
واضح رہے کہ پاکستان کے ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس 2024 میں جیولین تھرو کے فائنل مقابلے میں92.97 میٹر کی متاثر کن تھرو پھینک کر نہ صرف پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیت لیا بلکہ اولمپکس کی 118 سالہ تاریخ کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
جمعرات کو پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے فائنل مقابلے میں ارشد ندیم نے پہلے راؤنڈ میں 92.97 میٹر تھرو پھینک کرورلڈ ریکارڈ قائم کیا اور پھر فائنل کے دوسرے مرحلے کے آخری راؤنڈ میں 91.79 میٹر لمبی تھرو پھینک کر اپنی کامیابی پر مہر ثبت کی۔