دعا ہے میرا بیٹا نیرج چوپڑا بھی میڈل جیتے، والدہ ارشد ندیم

جمعہ 9 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیرس اولمپکس 2024ء میں جیولین تھرو مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کی والدہ نے ایونٹ میں ارشد ندیم سے ہارنے والے بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا کو اپنا بیٹا قراردیا ہے اور کہا ہے کہ ان کی دعا ہے کہ اگلی دفعہ نیرج چوپڑا یہ مقابلہ جیتیں۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا، ’نیرج چوپڑا میرے بیٹے ارشد کا دوست اور بھائی ہے، ہار جیت قسمت سے ملتی ہے، اللہ سے دعا ہے کہ کسی دن وہ بھی کامیاب ہو اور میڈل جیتے۔‘

یہ بھی پڑھیں: ’میرا بیٹا اینٹیں بناتا تھا’، فائنل سے قبل ارشد ندیم کی والدہ نے کیا بتایا تھا

اس سے قبل ایک اور انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کے بیٹے نے اپنا وعدہ پورا کر کے دکھایا، بیٹے کی کامیابی کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتی ، آج پوری قوم کی دعائیں قبول ہوئیں ، اُمید ہے مستقبل میں بھی بیٹا ملک کا نام روشن کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بیٹے کے استقبال کے لیے پھول لے کر جائیں گی۔

پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو ایونٹ میں سلور میڈل جیتنے والے بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا کی والدہ بھی ایسے ہی جذبات کا اظہار کرچکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نئے اولمپک ریکارڈ کیساتھ ارشد ندیم گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب، پاکستان میں جشن کا سماں

گزشتہ رات جیولن تھرو کے فائنل کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیرج چوپڑا کی والدہ سروج دیوی نے اپنے بیٹے کی کامیابی کے ساتھ ساتھ ارشد ندیم کی جیت پر بھی مسرت کا اظہار کیا تھا۔

سروج دیوی نے ارشد ندیم کو اپنا بیٹا قرار دیتے ہوئے ان کی محنت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا، ’ہم بہت خوش ہیں، ہمیں تو سلور بھی گولڈ کے برابر لگ رہا ہے، جس کو گولڈ (میڈل) ملا ہے وہ بھی ہمارا بیٹا ہے، ہر کوئی بہت محنت کرنے کے بعد وہاں جاتا ہے۔‘

یہ بھی پڑھیں: بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا کی والدہ نے پاکستانیوں کے دل جیت لیے

واضح رہے کہ پیرس جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں 26 سالہ بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا دباؤ کا شکار نظر آئے اور دوسرے راؤنڈ میں 89.45 میٹر کی صرف ایک جائز تھرو میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، جبکہ پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے اولمپکس کا ریکارڈ بناتے ہوئے 92.9 میٹر تھرو کرکے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp