بھارت کی معروف اداکارہ حنا خان سرطان میں مبتلا اور اس موذی مرض کی تشویشناک اسٹیج سے دوچار ہیں۔ ان کی کیموتھراپی بھی جاری ہے جو بلاشبہ خود ایک انتہائی تکلیف دہ عمل ہے لیکن انہوں نے اپنی بیماری اور علاج کے سائیڈ ایفیکٹس کو خود پر حاوی ہونے دیا ہے اور نہ ہی ہمت ہاری ہے بلکہ وہ ڈٹ کر تمام صورتحال کا مقابلہ کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کینسر کا شکار حنا خان کے بال کٹوانے پر والدہ رو پڑیں، ویڈیو وائرل
ان کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئرکی گئی ایک تازہ ویڈیو میں ہلکی بارش کے دوران چھتری لیے چہل قدمی کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس موقعے پر ان کے چہرے پر ایک بھرپور مسکراہٹ اور آنکھوں میں امید کی چمک بھی صاف دیکھی جاسکتی ہے۔
حنا خان نے ویڈیو کے شامل کیے گئے ٹیکسٹ میں لکھا ہے کہ صحت مند طرز زندگی کو برقرار رکھنے کے لیے ورزش یا کسی بھی قسم کی جسمانی سرگرمی بہت ضروری ہے لیکن جب کوئی بیماری کے مرحلے سے گزر رہا ہو تو یہ عمل اور بھی ضروری اور مؤثر ہوجاتا ہے۔
حنا خان آگے لکھتی ہیں کہ باقاعدگی سے ورزش کرنے سے نہ صرف خود کو جسمانی طور پر مضبوط محسوس کرنے میں مدد ملتی ہے بلکہ اس سے ہماری دماغی صحت کو بھی تقویت ملتی ہے اور صحت مند ذہن رکھنا ظاہر ہے ناگزیر ہے۔
مزید پڑھیے: بھارتی اداکارہ حنا خان میں کینسر کے تیسرے درجے کی تشخیص، دعاؤں کی اپیل
View this post on Instagram
اداکارہ نے کہا کہ اپنے کیمو کے علاج کے دوران مجھے شدید نیوروپیتھک درد کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے اکثر میری ٹانگیں اور پاؤں بے حس ہو جاتے ہیں، بسا اوقات ورزش کے دوران میں اپنی ٹانگوں پر اپنا کنٹرول بھی کھو دیتی ہوں اور زمین پر گر جاتی ہوں لیکن میں صرف دوبارہ اٹھ کھڑی ہونے پر توجہ مرکوز رکھتی ہوں، میں گرنے کو نہیں بلکہ اس طاقت کو اپنا تعارف بنانا چاہتی ہوں جو مجھے گرنے کے بعد دوبارہ کھڑا کردیتی ہے۔
حنا خان نے کہا کہ ہر بار جب میں مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میں اٹھ کر کام کرنے نہیں جا سکتی ہوں تو میں اور زیادہ قوت لگا دیتی ہوں کیونکہ میرے پاس اپنی طاقت، روح اور قوت ارادی کے علاوہ اور ہے بھی کیا؟
مزید پڑھیں: حنا خان کی فلم ’کنٹری آف بلائنڈ‘ آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد
اپنی بات بیان کرنے کے بعد حنا خان نے لوگوں سے پوچھا ’آپ کا عذر کیا ہے‘۔ یعنی جب وہ یہ ہمت دکھا سکتی ہیں تو پھر باقی لوگ کیوں نہیں؟