اقلیتوں کے قومی دن پر قومی قیادت کے پیغامات، کس نے کیا کہا؟

اتوار 11 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک بھر میں آج اقلیتوں کا قومی دن منایا جا رہا ہے۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہمارا مذہب اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے۔ مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی طرف سے بھی پاکستان کی اقلیتوں کو مبارکباد دی گئی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملکی ترقی اور خوشحالی میں اقلیتی برادری کا حصہ ناقابل فراموش ہے۔

اقلیتوں کو پاکستان میں تمام حقوق حاصل ہیں، صدر زرداری

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ اقلیتوں کو آئینِ پاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں۔ ہمارا مذہب اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے۔ پاکستان نے اقلیتوں کو سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔

اقلیتی برادری قیام پاکستان سے اب تک، تعمیر وطن میں اپنا بھر پور حصہ ڈال رہی ہے، وزیراعظم شہبازشریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں اور ملکی ترقی و خوشحالی میں ان کے شاندار کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

مزید پڑھیں:پاکستان پوسٹ کی نااہلی، ارشد ندیم کے اعزازی ڈاک ٹکٹ پر پرانی تصویر لگا دی

سرکاری سطح پر اقلیتوں کا قومی دن منانے کا مقصد پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی ریاست پاکستان کے لیے خدمات کا اعتراف ہے۔ ہماری اقلیتی برادری نے تحریک پاکستان میں کلیدی کردار کیا اور قیام پاکستان سے اب تک، تعمیر وطن میں اپنا بھر پور حصہ ڈال رہی ہے۔

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے 11 اگست 1947 کو پاکستان کی آئین ساز اسمبلی میں ایک تاریخی تقریر میں اقلیتوں کے لیے مکمل مذہبی آزادی کا اعلان کیا تھا۔ قائد اعظم کے ویژن کی پیروی کرتے ہوئے اقلیتوں کی خدمات اور ان کی شناخت کے اعتراف میں 11 اگست کو اقلیتوں کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔

حکومت اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ملازمتوں میں میرٹ کے علاوہ مخصوص نشستیں اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں اقلیتوں کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جاتے ہیں، اقلیتی برادری کی تمام اداروں میں نمائندگی کو سراہا جا رہا ہے۔

اقلیتی برادری ہمارے سماج کا ناگزیر اور اہم ترین حصہ ہے، آئی ایس پی آر

مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی طرف سے پاکستان کی اقلیتوں کو مبارکباد پیش کی گئی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اقلیتی برادریاں ہمارے سماج کا ناگزیر اور اہم ترین حصہ ہیں۔ پاکستان کی پوری تاریخ میں ملک کی ثقافتی شناخت میں اقلیتوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

مزید پڑھیں:راحت اندوری عہدِ جدید کے حبیب جالب

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور سماجی بنیادیں مضبوط بنانے میں اقلیتوں کا اہم کردار ہے۔ قائد اعظم کے وژن سے لے کر آج تک اقلیتیں قوم کی تعمیر کے عمل کا ناگزیر حصہ رہی ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج اقلیتی برادریوں کے غیرمتزلزل عزم، لگن اور قربانیوں کی قدر کرتی ہے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ اقلیتی برادریوں کی ایک ہم آہنگ اور کثرت پسندانہ معاشرہ کے قیام میں کردار انتہائی قدر کے قابل ہے۔ ہم ان کے جذبے کو سراہتے ہیں اور ان کے حقوق کے تحفظ، فروغ، آزادی اور بہبود کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

اقلیتوں کی تمام شعبوں میں نمائندگی اور شراکت پر بے پناہ فخر محسوس کرتے ہیں، وفاقی وزیر قانون

وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ 11 اگست کو اقلیتی دن کے موقع پر، ہم قائد اعظم کے سنہری الفاظ یاد کرتے ہیں کہ ’ آپ آزاد ہیں، آپ اپنے مندروں میں جانے کے لیے آزاد ہیں، آپ اپنے مساجد میں جانے کے لیے آزاد ہیں یا اس ریاست پاکستان میں کسی بھی عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔

مزید پڑھیں:مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی: مختلف ممالک سے سکھ یاتری ننکانہ صاحب پہنچ گئے

ان کا کہنا تھا کہ قائد کے خواب کی تکمیل کے عزم کے تحت، آج ہم ہر پاکستانی شہری کے لیے، خواہ وہ کسی بھی مذہب، رنگ، ذات، نسل یا عقیدہ کا ہو، تمام بنیادی حقوق کی برابری اور رسائی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی وابستگی کی تجدید کرتے ہیں۔ ہم اپنے اقلیتوں کی تمام شعبوں میں نمائندگی اور ان کی شراکت پر بے پناہ فخر محسوس کرتے ہیں۔

ان کی شمولیت ہماری عزم کو مضبوط کرتی ہے اور ہمیں ایک کثیر الثقافتی اور روادار معاشرہ بنانے کی تحریک دیتی ہے، جو ہمارے قومی پرچم میں خوبصورتی سے ظاہر ہوتا ہے۔

آئین میں درج حقوق ہر اقلیت کے برابری کی سطح پر پاکستانی ہونے کی عملی دلیل ہیں، وفاقی وزیر عبدالعلیم خان

صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ عدلیہ، افواج، تعلیم، صحت اور تمام قومی شعبوں میں اقلیتوں کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ پاکستان کا قومی جھنڈا اقلیتوں کی حیثیت اور اہمیت کی واضح نشاندہی کرتا ہے۔ آئین میں درج حقوق ہر اقلیت کے برابری کی سطح پر پاکستانی ہونے کی عملی دلیل ہیں۔

سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں اقلیتی کوٹہ یقینی بنا رہے ہیں، وزیرِ اعلیٰ پنجاب

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اقلیتوں کو تعلیم اور روزگار کے مساوی مواقع میسر ہیں۔ پنجاب سکھ میرج ایکٹ نافذ کرنے والا پہلا صوبہ ہے، ہندو میرج ایکٹ اور کرسچن پرسنل لا پر کام جاری ہے۔ اقلیتی برادری کے لیے 2 ارب 85 کروڑ روپے کا ریکارڈ بجٹ مختص کیا۔ سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں اقلیتی کوٹہ یقینی بنا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:سکھ برادری ہمارے سر آنکھوں پر ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز کا کرتارپور کا دورہ

پاکستان میں اقلیتوں کی عبادت گاہیں محفوظ ہیں، رمیش سنگھ اروڑہ

وزیر اقلیتی امور پنجاب رمیش سنگھ اروڑہ نے اقلیتوں کے دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ ملک کی ترقی اور خوش حالی کے لیے مل کر سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔  رمیش سنگھ اروڑہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کی عبادت گاہیں محفوظ ہیں، پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش کرنے والے ناکام ہوں گے۔

اقلیتوں کا پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں کلیدی کردار ہے، محسن نقوی

 وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اقلیتی برادری کو ملکی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کا کردار نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ حکومت امتیازی سلوک کے خاتمے اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp