گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو عہدے سے ہٹانے کی خبریں ایک بار پھر گرم ہیں، کہا جارہا ہے کہ کامران ٹیسوری کی جگہ بشیر میمن یا ڈاکٹر عاصم حسین کو ذمہ داری سونپی جائے گی، تاہم یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ایسی خبریں سامنے آئی تھیں لیکن کامران ٹیسوری تاحال عہدے پر فائز ہیں اور ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔
گورنر کو ہٹایا گیا تو حکومت میں رہنے کا کوئی جواز نہیں رہے گا، فاروق ستار
ایم کیوایم پاکستان کے سینیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے اس حوالے سے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کےساتھ یہی طے ہوا تھا کہ سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری ہی رہیں گے، اب اگر ن لیگ نے گورنر سندھ کو تبدیل کرنے کا یکطرفہ فیصلہ کیا تو ایم کیو ایم کے حکومت میں رہنے کا کوئی جواز نہیں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں کامران ٹیسوری کو ہٹا کر بشیر میمن کو گورنر سندھ لگانے کی خبریں درست نہیں، اسحاق ڈار
ذرائع کے مطابق گورنر سندھ کے معاملے پر پیپلز پارٹی سے ن لیگ کی مشاورت جاری ہے اور چند روز میں فیصلہ کرلیا جائے گا، تاہم ابھی تک یہ فیصلہ نہیں ہوسکا کہ کامران ٹیسوری کی جگہ ذمہ داریاں کون سنبھالے گا۔
ہم افواہوں کا پیچھا نہیں کرتے، خالد مقبول صدیقی
خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ ہم افواہوں کا پیچھا نہیں کرتے، گورنر سندھ کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ ایم کیو ایم سے مشاورت کے بغیر نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کا دھرنا بجلی کی قیمتیں کم کرنے کے لیے شروع ہوا تھا اور قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ختم ہوگیا۔
گورنر کی تبدیلی سے متعلق میں نے بھی میڈیا سے سنا، ناصر حسین شاہ
وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سندھ میں گورنر کی تبدیلی سے متعلق میں نے بھی میڈیا سے سنا ہے میرے علم میں نہیں۔
یہ بھی پڑھیں گورنر سندھ نے جماعت اسلامی کے کارکنوں سے کیا گیا وعدہ وفا کردیا
انہوں نے کہاکہ صدر مملکت آصف زرداری اور خالد مقبول کے درمیان جس ملاقات کا ذکر ہو رہا ہے، میں اس میں شریک تھا، اس ملاقات میں پنجاب کے ایک تعلیمی ادارے کے سندھ میں کیمپس قائم کرنے پر بات ہوئی تھی۔