’کملا ہیرس کا انٹرویو کرنے پر خوشی محسوس ہوگی‘، ڈونلڈ ٹرمپ کے انٹرویو کے بعد ایلون مسک کا نیا بیان

منگل 13 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنے انتہائی متوقع انٹرویو کے بعد ایکس ڈاٹ کام اور ٹیسلا کے مالک ایلون مسک نے اپنے پلیٹ فارم پر نائب امریکی صدر اور صدارتی ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس کے انٹرویو کے امکان کا اشارہ دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایکس اسپیسس پر کملا کی میزبانی کرکے خوشی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: ایلون مسک نے کیا ٹرمپ کا انٹرویو، ایکس ڈاٹ کام کریش

ایلون مسک کی جانب سے یہ اعلان ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ غیر رسمی انٹرویو کے بعد سامنے آیا ہے، جسے اہم تکنیکی مسائل، ایلون مسک کے مطابق سائبر حملوں، کے باعث 40 منٹ سے زائد تاخیر کا سامنا کرنا پڑا، تکنیکی رکاوٹوں نے بہت سے ناظرین کو لائیو اسٹریم تک رسائی سے محروم کردیا، جس سے مسک اور ٹرمپ دونوں کو شرمندگی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

تاہم اپنی 2 گھنٹے سے زائد بحث کے دوران، ری پبلیکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی حریف امیدوار کملا ہیرس کو تنقید کا نشانہ بنانے سے باز نہیں آئے۔

مزید پڑھیں: امریکی صدارتی انتخابات: کملا ہیرس نے ڈونلڈ ٹرمپ پر 4 پوائنٹس کی برتری حاصل کر لی

’اس وقت ہمارے پاس کوئی صدر نہیں ہے اور کملا اس سے بھی بدتر ہے۔ وہ سان فرانسسکو کی ایک لبرل ہے جس نے اس شہر کو تباہ کیا، کیلیفورنیا کو تباہ کیا، اور اگر وہ منتخب ہوئی تو وہ ہمارے ملک کو تباہ کر دے گی۔‘

ٹرمپ نے غیر قانونی امیگریشن سے نمٹنے کے ضمن میں کملا ہیرس کی پالیسیوں پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الزام لگایا کہ انہوں نے بڑی تعداد میں بغیر دستاویزی ثبوت تارکین وطن کو نا صرف ملک میں داخلے کی اجازت دی بلکہ باہر سے مجرموں کو بھی امریکا بھیجا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: ایلون مسک برطانیہ میں فسادات پر نالاں کیوں؟

ڈونلڈ ٹرمپ نے بائیڈن انتظامیہ کی امیگریشن پالیسیوں کو مزید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکا کی موجودہ حکومت ایک ناقص حکومت ہے۔ ’ایک مہینے میں لاکھوں لوگ آ رہے ہیں، اور کملا اٹھ کر دکھاوا کرتی ہیں کہ وہ کچھ کرنے جا رہی ہے، ان کے پاس ساڑھے 3 سال تھے اور ابھی مزید 5 مہینے ہیں، لیکن وہ کچھ نہیں کریں گے۔‘

ایلون مسک کے کملا ہیرس کے ساتھ ممکنہ انٹرویو کی تجویز نے سیاسی قیاس آرائیوں کو ہوا دی ہے کیونکہ بہت سے لوگ حیران ہیں کہ کیا نائب صدر اس دعوت کو قبول کرتے ہوئے ایکس پر اسی نوعیت کی غیر رسمی گفتگو میں حصہ لینا پسند کریں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp