ارشد ندیم کے لیے اسپیشل نمبر کی گاڑی کا تحفہ، ’اس پر فارم 47 لکھا ہوتا تو مزہ دوبالا ہوجاتا‘

منگل 13 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیرس اولمپکس 2024 میں گولڈ میڈل جیتنے والے جیولن پھینکنے والے ارشد ندیم سے ملاقات کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز آج بذریعہ ہیلی کاپٹر میاں چنوں پہنچیں۔ انہوں نے ارشد ندیم کو کامیابی پر مبارکباد دی اور گولڈ میڈل جیتنے پر 10 کروڑ روپے کی انعامی رقم دی۔ اسی کے ساتھ انہوں نے ‘PAK 92.97’ کی نمبر پلیٹ والی گاڑی ارشد ندیم کے نام کی۔

ارشد ندیم کو دی جانے والی گاڑی کی نمبر پلیٹ پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے ارشد ندیم کو گاڑی کا جو تحفہ دیا اس کا رجسٹریشن نمبر 92.97 ہے لیکن اگر اس پر فارم 47 لکھا ہوتا تو مزہ دوبالا ہو جاتا۔

صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ہیروز کو عزت ایسے دی جاتی ہے، مریم نواز خود چل کر ارشد ندیم کے گھر گئیں اور انہیں انعامی رقم کے ساتھ ایک گاڑی بھی گفٹ کی جس کا نمبر92.97 ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے پی ٹی آئی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کیا اس شخصیت پرست گروہ میں سے کوئی ارشد ندیم کے پاس پہنچا؟ یا ان کی حکومت نے کسی انعام کا اعلان کیا؟

مقدس نامی صارف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے ارشد ندیم کو اسپیشل نمبر پلیٹ والی گاڑی تحفے میں دیے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ارشد ندیم کو اس سے اچھا تحفہ شاید ہی کسی نے دیا ہو۔

ایک ایکس صارف کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم کو اس نمبر پلیٹ کی گاڑی دینے کا مشورہ دینے والا بھی ایک گولڈ میڈل کا مستحق ہے

واضح رہے کہ جیولن تھرو ایونٹ میں قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے اولمپکس میں 92.97 میٹر طویل تھرو کر کے نیا ریکارڈ بنایا اور شاندار تھرو کر کے اولمپکس کا 118 سالہ ریکارڈ توڑا۔ انہوں نے دو مرتبہ ریکارڈ بنایا۔ ان کی ایک تھرو 92.97 میٹر جبکہ دوسری 91.79 میٹر کے فاصلے تک گئی۔ یوں انھوں نے 2008 میں بنایا گیا 90.57 میٹر کا اولمپک ریکارڈ توڑ دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp