نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر بلوچستان کا امن تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں، جن کا خاتمہ ضروری ہے۔
بلوچستان میں امن و امان اور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہاکہ بلوچستان ہمشہ سے میاں نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کے دل کے نزدیک رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں بلوچستان کے مسائل سیاسی مذاکرات کے ذریعے حل ہونے چاہیئیں، صدر مملکت آصف زرداری
انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں خوشحالی اور ترقی ہو تو ملک ترقی کرے گا، ہم سب کو مل کر بلوچستان کے مسائل کا حل نکالنا ہوگا۔
اسحاق ڈار نے کہاکہ وفاقی حکومت کی طرف سے یقین دلاتا ہوں کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے جن مسائل کی نشاندہی کی ہے ان کو حل کرنے کے لیے بھر تعاون کریں گے۔
نائب وزیراعظم نے کہاکہ ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ن لیگ کی حکومت کی ہمیشہ ترجیح رہی ہے جس میں کافی حد تک کامیاب بھی ہوئے ہیں، اس بار 16 مہینوں میں محنت کی وجہ سے ملک کو ڈیفالٹ سے بچا لیا۔
’ایسی خراب معاشی صورتحال 1999 میں نہیں دیکھی‘
انہوں نے کہاکہ ایسی خراب معاشی صورتحال تو اس وقت بھی نہیں دیکھی جب 1999 میں پاکستان پر مختلف قسم کی پابندیاں لگیں۔
نائب وزیراعظم نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے صرف 3 سالوں میں ملک کی معیشت تباہی کردی، ملک کو جتنے قرضوں کے نیچے ڈبو دیا اتنے قرضے گزشتہ کئی دہائیوں میں بھی نہیں لیے گئے۔
انہوں نے کہاکہ جس طریقے سے ہمارے دور میں ملکی شرح نمو بڑھ رہی تھی اگر اس طرح جاری رہتی تو آج ملک دنیا کی مضبوط معیشتوں میں شمار ہوتا۔
اسحاق ڈار نے کہاکہ ملک میں شرح سود کی سطح 22 فصد تک بڑھائی گئی ہے جس کو کم کرنے کی ضرورت ہے، 2018 میں ہم نے اس کو صرف 6 فیصد تک لایا۔
انہوں نے کہاکہ معاشی صورتحال مشکل ہے تاہم مایوس نہیں ہیں، پاکستان کا مستقبل روشن ہے، بلوچستان کو اس کے تمام جائز حقوق ملنے ضروری ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کے لیے معرض وجود میں آیا، اس ملک کے ساتھ جس نے غداری کی اسی دنیا میں اپنے انجام کو پہنچا۔
گورننس کو درست کرکے ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد کا مضبوط تعلق قائم کریں گے، سرفراز بگٹی
اس موقع پر وزیراعلیی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہاکہ بلوچستان میں تعلیم اور صحت کی بہتری اولین ترجیح ہے، گورننس کی بہتری کے لیے مختلف شعبوں میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ گورننس کو درست کرکے ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد کا مضبوط تعلق قائم کریں گے، بلوچستان کے پی ایچ ڈی سائنس کے طالب علموں کے لیے دنیا کی 200 اعلیٰ جامعات میں اسکالر شپ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔
وزیراعظم جلد بلوچستان کا دورہ کریں گے، ایاز صادق
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہاکہ وزیراعظم جلد بلوچستان کا تفصیلی دورہ کرکے مسائل کے حل کے لیے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں وزیر داخلہ بلوچستان کو کوئٹہ دھرنے میں نقاب پوشوں کی موجودگی پر تشویش، مذاکرات کے لیے کمیٹی قائم
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو بلوچستان میں امن وامان اور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر نے دی۔ جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیر تجارت جام کمال، رکن قومی اسمبلی اعجاز جھکرانی بھی موجود تھے۔