لاہور پولیس پر ملک عثمان حمزہ اعوان سمیت متعدد پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاری کا الزام

جمعرات 15 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الزام عائد کیا ہے کہ لاہور پولیس نے این اے 120سے ٹکٹ ہولڈر ملک عثمان حمزہ اعوان سمیت متعدد افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ گزشتہ روز پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر عامر مغل کو بھی ڈی چوک سے پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

اپنے رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں کا الزام لاہور پولیس پرعائد کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد بھچر نے کہا کہ پولیس عثمان حمزہ اعوان سمیت پی ٹی آئی کے درجنوں کارکنوں کو گرفتار کرکے برکی تھانے میں بند کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے رہنما عامر مغل اسلام آباد سے گرفتار

ملک احمد بھچر کا کہنا تھا کہ ان ارکان کو یوم آزادی پر ایک سیمینار سے گرفتار کرکے برکی پولیس اسٹیشن میں بند کردیا گیا ہے، اور پنجاب حکومت پولیس کے ذریعے ان کو ڈرانے کی کوشش کر رہی ہے۔

دوسری جانب پولیس نے موقف اختیار کیا ہے کہ ہلڑ بازی کے الزام میں متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ممکن ہے عثمان حمزہ اعوان سمیت یہ لوگ بھی ان میں شامل ہوں۔

گزشتہ روز اسلام آباد پولیس نے بھی پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر عامر مغل کو ڈی چوک سے گرفتار کیا، عامر مغل یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے نکالی گئی ریلی میں شریک تھے جہاں سے ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: پی ٹی آئی کنونشن پر پولیس کا کریک ڈاؤن، 55 کارکنان گرفتار

گرفتاری کے وقت عامر مغل قیدی نمبر 804 زندہ باد، اور وزیراعظم عمران خان کے نعرے لگاتے رہے۔

واضح رہے کہ عامر مغل کو اس سے قبل 4 جولائی کو بھی اسلام آباد سے حراست میں لیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp