وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے الیکشن التوا کیس میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سمیت تین ججز کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو کو انٹرویو دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس سمیت تینوں ججز کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا معاملہ زیر غور ہے۔
’ریفرنس دائر کرنے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا لیکن تینوں ججز کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ ہوسکتا ہے۔‘
وزیر داخلہ کے مطابق تینوں ججز کا مسلم لیگ ن کے خلاف فیصلے دینے کا لمبا ریکارڈ ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے پنجاب میں ن لیگ کی حکومت 63 اے کی بنیاد پر ختم کرنے کے عدالتی فیصلہ کا حوالہ دیتے ہوئے اسے آئین کو دوبارہ تحریر کرنے کے مترادف قرار دیا۔
الیکشن التوا کیس کے حوالہ سے وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ اب بھی ایسا محسوس ہورہا ہے کہ تینوں جج صاحبان ہر قیمت پر اس فیصلے کو یا اس قضیہ کو خود نمٹانے پر بضد ہیں۔
’اب تینوں ججز نے فل کورٹ کی استدعا مسترد کردی ہے اور اپنے ساتھی ججز ، جو اکثریت میں ہیں، ان کی بات تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ہمارے پاس کوئی صورت نہیں کہ ہم اپنا احتجاج نوٹ کرائیں۔‘