اسلام آباد میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ رات میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ آج پشاور، نوشہرہ صوابی، باجوڑ، کرم، چترال میں بھی مزید بادل برسنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دیر، سوات، مانسہرہ، کوہستان، شانگلہ، ایبٹ آباد، وزیرستان، بنوں اور ڈی آئی خان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا۔ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، میانوالی اور سرگودھا میں بھی بارش متوقع ہے۔ جھنگ، خانیوال، اوکاڑہ، ملتان، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد میں آج بادل برسنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق قصور، بھکر، لیہ، جوہر آباد اور لاہور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا۔ تاہم کوئٹہ، ژوب، زیارت اور گرد و نواح میں بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور جنوبی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بلند پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے سوموار اور منگل کو ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ مغربی ہوائیں آج رات سے ملک میں داخل ہوں گی جو دو روز تک اپنا اثر دکھائیں گی۔
2 سے 4 اپریل کے دوران آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بیشتر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محمکہ موسمیات کے مطابق کرم، وزیرستان، چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کرک اور کوہستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔
مری، گلیات، راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، گجرات، ناروال، خوشاب، میانوالی اور سرگودھا میں بھی بادل برسیں گے۔
گجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاوالدین، لاہور، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، قصور اور شیخوپورہ میں تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
2 اور 3 اپریل کے دوران شمالی بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ تیز بارش کے باعث کھڑی فصلوں اور کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔
بارش کے باعث خیبرپختونخوا، کشمیر، مری، گلیات اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہونے کے باعث محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔