فاسٹ بولر احسان اللہ کو ری ہیپ میں کیا مشکلات درپیش ہیں؟ والد نے بتا دیا

ہفتہ 17 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر احسان اللّٰہ ایک سال سے زائد عرصے سے کہنی کی انجری کا شکار ہوکر کرکٹ سے دور ہیں، انگلینڈ میں ان کا چیک اپ بھی کروایا گیا جس کے بعد پی سی بی کی ایک کمیٹی نے ان کی سرجری اور علاج پر سوالات اٹھائے اور پھر ان کے طویل ری ہیب کی تجویز دی۔

چیئرمین محسن نقوی نے اس معاملے پر ایکشن لیا اور ان کی مکمل دیکھ بھال کے احکامات دیے اور ان کا ری ہیب سوات میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: فاسٹ بولر احسان اللہ کو کہنی میں تکلیف، تشخیص کے لیے انگلینڈ روانہ

احسان اللّٰہ کی انجری، معاملہ سنگین کیوں ہوا؟

پی ایس ایل8میں ملتان سلطانز کی جانب سے اپنی رفتار سے بیٹسمینوں کے چھکے چھڑانے والے احسان اللہ گزشتہ سال قبل دائیں ہاتھ کی کہنی کی تکلیف میں مبتلا ہوئے، پی سی بی میڈیکل پینل نے ان کی انجری کی درست تشخیص کی بجائے انہیں بولنگ کی اجازت دی اور وہ قومی اکیڈمی میں ویٹ ٹریننگ کرتے رہے جس سے ان کی انجری کے مسائل بڑھ گئے۔

پی سی بی نے انہیں مزید علاج کے لیے دوحا بھیجنے کی کوشش کی لیکن ویزہ مسائل کی وجہ سے وہ دوحا نہ جاسکے، احسان اللہ کی رپورٹس کو تشخیص کے لیے انگلینڈ بھیجا گیا جہاں ڈاکٹرو ں نے فریکچر کی تشخیص کی، تاہم ان کی کہنی کا آپریشن انگلینڈ کے بجائے لاہور میں کروایا گیا۔

لاہور سے آپریشن ہونے کے بعد بھی احسان اللہ کی ری ہیپ کا عمل اب تک جاری ہے۔

ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے اس وقت یہ دعویٰ کیا تھا کہ پی سی بی کا میڈیکل ڈیپارٹمنٹ احسان اللہ کے ہاتھ میں فریکچر کی درست تشخیص نہیں کرسکا، جس کے سبب وہ صحتیاب نہ ہو سکے۔

ان کی کہنی کی انجری کی درست تشخیص نہ کرنے اور انھیں مناسب علاج مہیا نہ کرنے کے الزامات ثابت ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ڈائریکٹر آف میڈیکل اینڈ سپورٹس سائنسز ڈاکٹر سہیل سلیم اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: احسان اللہ کی انجری، ڈائریکٹر پی سی بی میڈیکل اینڈ اسپورٹس سائنسز مستعفی ہوگئے

برق رفتارفاسٹ بولر احسان اللہ نے اپریل میں 2023 میں پاکستانی ٹیم کی جانب سے نیوزی لینڈ کے خلاف واحد ون ڈے میچ کھلایا تھا لیکن انجری کے سبب وہ دوسرا میچ نہیں کھیل سکے تھے، انہوں نے 4 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے ہیں، جن انہوں نے 6 رکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔

’بیٹے کا کیریئر بچایا جائے‘

احسان اللّٰہ کے والد عبدالنصیر نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے اپیل کی ہے کہ ان کے بیٹے کا ری ہیب نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں کروایا جائے تاکہ ان کا کیریئر ختم ہونے سے بچ جائے

’ سوات میں میرے بیٹے کی دیکھ بھال ٹھیک طرح نہیں ہو رہی، اس کا ری ہیب نیشنل کرکٹ ایکیڈمی میں کیا جائے، سوات میں انہیں سہولتیں دستیاب نہیں، انہیں بہترین ڈاکٹرز بھی میسر نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوات میں سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے احسان کا کیریئر داؤ پر ہے، ڈائریکٹر اکیڈمیز ندیم خان سے ملاقات کر کے احسان کو این سی اے لانے کی درخواست کی ہے۔

’احسان اللّٰہ اس وقت پاکستان کا تیز ترین بولر ہے‘

لاہور میں احسان اللّٰہ کی کرکٹ اکیڈمی کے کوچ ملک نصر نے کہا ہے کہ پی سی بی نے انجرڈ کھلاڑیوں کو مقامی ہوٹل میں بہترین رہائش بھی دی ہے،باقی انجرڈ کھلاڑیوں کی طرح احسان اللّٰہ کا ری ہیب این سی اے سے کروایا جائے، احسان اللّٰہ اس وقت پاکستان کا تیز ترین بولر ہے اس کا کیریئر داؤ پر لگا دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp