احسان اللہ کی انجری، ڈائریکٹر پی سی بی میڈیکل اینڈ اسپورٹس سائنسز مستعفی ہوگئے

جمعہ 3 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی فاسٹ بولر احسان اللہ کی انجری کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ  اسپورٹس سائنسز ڈاکٹر سہیل سلیم مستعفی ہوگئے۔ پی سی بی نے ڈاکٹر سہیل سلیم کا استعفیٰ قبول کرلیا۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ کھلاڑیوں کی میڈیکل رپورٹ سامنے آنے کے بعد دیا۔

پاکستانی فاسٹ بولر احسان اللہ کی کہنی کی انجری کی درست تشخیص نہ کرنے اور انہیں مناسب علاج مہیا نہ کرنے کے الزامات ثابت ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ڈائریکٹر آف میڈیکل اینڈ سپورٹس سائنسز ڈاکٹر سہیل سلیم اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔

احسان اللہ، جو گزشتہ اپریل میں زخمی ہوئے تھے اور ابتدائی طور پر کہنی کی چوٹ کے باعث باہر رہے، ان کے دائیں کہنی کے درد کا مناسب علاج، علاج اور آپریشن نہیں کیا گیا، اور نہ ہی ان کی حالت کے مطابق ان کا علاج کروایا گیا۔ یہ نتائج تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ سے حاصل کیے گئے ہیں، جو پی سی بی کے میڈیکل بورڈ کی ناکامی کو ظاہر کرتے ہیں۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق میڈیکل کمیٹی نے احسان اللہ کی انجری سے متعلق رپورٹ جمع کرائی، 3 رکنی میڈیکل کمیٹی کو احسان اللہ کی انجری کا تفصیلی جائزہ لینے کا کہا گیا تھا۔ کمیٹی نے احسان اللہ کی انجری سے متعلق تمام رپورٹس کا  تفصیلی جائزہ لیا۔ پروفیسر ڈاکٹر ایڈم واٹس اور جاوید اکرم سمیت دیگر ماہرین سے بھی مشورہ کیا گیا۔

کمیٹی کی سفارشات کے مطابق احسان اللہ کو دائیں کہنی کی فزیو تھراپی اور ری ہیب جاری رکھنا چاہیے، 6 سے 12 ماہ میں ریکوری نہ ہوئی تو آخری آپشن سرجری ہوگا۔

میڈیکل کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق احسان اللہ کی کہنی کی تکلیف کی تشخیص میں تاخیر کی گئی، احسان اللہ کو مناسب اور مطلوبہ ری ہیب نہیں مل سکا تھا اور احسان اللہ کی کہنی میں تکلیف کا علاج بھی غیرمناسب انداز میں کیا گیا۔ تحقیقاتی ٹیم کے مطابق فاسٹ بولر کے آپریشن میں جلدبازی سے بھی کام لیا گیا۔

خیال رہے کمیٹی نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کے پاس جمع کروا دی ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے احسان اللہ سمیت دیگر کھلاڑیوں کی انجریز کے معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کی تھی۔ پی سی بی میڈیکل پینل پر احسان اللہ کی انجری کو غیرذمہ دارانہ طریقے سے ہینڈل کرنےکا الزام تھا۔

اس حوالے سے جاری بیان میں چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ میڈیکل کمیٹی سے تمام رپورٹس موصول ہو گئی ہیں۔ احسان اللہ، ارشد اقبال، ذیشان ضمیر اور شوال ذوالفقار کی رپورٹس موصول ہوئی ہیں، ہم ان رپورٹس کا جائزہ لے کر جلد سامنے لائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp