طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، پنجاب میں 8 افراد جاں بحق، بلوچستان میں ریلوے نظام شدید متاثر

اتوار 18 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مون سون سسٹم کے تحت پاکستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والی طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، پنجاب میں مختلف واقعات میں 8 افراد جاں بحق، بلوچستان میں ریلوے ٹریک بہہ جانے سے ریلوے نظام شدید متاثرہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں:بلوچستان میں تباہ کن بارشیں، 11 افراد جاں بحق، انفراسٹریکچر کو نقصان

طوفانی بارشوں کے باعث پنجاب کے شہر فیصل آباد، نارووال اور رحیم یار خان میں ہونے والے حادثات میں 8 افراد جانبحق ہو گئے۔ جبکہ راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے کوہِ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں موسلا دھار بارش سے ندی نالے بپھر گئے ۔

طوفانی بارشوں سے بلوچستان میں توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی، قلعہ عبداللہ، پشین اور زیارت میں سیلابی ریلوں نے فصلوں اور گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں فصلیں شدید متاثر ہوئی ہیں جبکہ دیواریں اور سولر پینلز گرنے سے 10 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں ہونے والی شدید بارش میں ریلوے ٹریک بہہ گیا، جبکہ نوشکی میں ریلوے ٹریک میں شگاف پڑنے سے پاک ایران ریلوے رابطہ بھی منقطع  ہوگیا۔

کوئٹہ تفتان ریلوے سیکشن پر سیلابی پانی نوشکی کے قریب ٹریک بہا کر لے گیا ،ریلوے لائن پر شگاف پڑنے کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت معطل کردی گئی ہے۔جبکہ  کوئٹہ چمن ریلوے سیکشن پر ریلوے پٹری کئی مقامات پر بہہ گئی جس کے باعث کوئٹہ چمن ٹرین سروس کو معطل کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بلوچستان میں طوفانی بارشیں، بچوں سمیت 6 افراد جانبحق، سڑکیں اور باغات تباہ

دوسری طرف مون سون میں ہوئی بارشوں کے بعد سبی ہرنائی ریلوے سیکشن 21 جولائی سے بند پڑا ہوا ہے ،اس سیکشن کی از سر نو تعمیر پر ریلوے نے ایک سال قبل تقریباً  4 ارب روپے خرچ کیے تھے۔

بارشوں سے سندھ کے شہر جیکب آباد کے علاقے گڑھی خیرو کے قریب نہر میں 70 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے چاول کی فصل زیرِ آب گئی۔ جب کہ ضلع خیرپور ،سکھر اور مضافاتی علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر میں 180ملی میٹربارش ریکارڈ  کی گئی، بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی معطل  ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں:مون سون بارشیں: وزیراعظم کی این ڈی ایم اے کو جانی و مالی نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت

خیبرپختونخوا میں جنوبی وزیرستان میں طوفانی بارش کے بعد، سیلاب نے تباہی مچا دی ، جنڈولہ بازار  میں داخل ہونے والے سیلابی ریلے زرعی زمینوں کو بھی نقصان پہنچا۔ جب کہ بارشوں کے سبب ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث وانا گومل زام روڈ کئی مقامات پر بند  ہونے سے ٹریفک کی آمد ورفت متاثر ہے۔

علاوہ خیبر کے علاقے میں بارش کے بعد برساتی نالوں میں طغیانی آگئی ، متاثرہ علاقوں میں لوگ اپنی مدد آپ کے تحت حفاظتی انتظامات میں مصروف ہیں۔

محکمہ مو سمیات کے مطابق آج سندھ، پنجاب اور مشرقی بلوچستان کے بعض علا قوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp