’جس انڈسٹری نے شناخت دی اسی پر تنقید؟‘، بالی ووڈ اداکاروں کو بیوقوف کہنے پر کنگنا رناوت پر تنقید

پیر 19 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کی متنازع اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت نے ایک بار پھر بالی ووڈ اداکاروں کو نشانے پر لیتے ہوئے انہیں بیوقوف، بدتمیز اور خودغرض قرار دے دیا۔

اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ وہ بالی ووڈ ٹائپ کی نہیں ہیں اور ان کی کسی بالی ووڈ سلیبرٹی سے دوستی نہیں ہوسکتی کیونکہ وہ لوگ برانڈڈ بیگز اور گاڑیوں کے علاوہ کوئی اور بات نہیں کرسکتے، ان کے پاس بات کرنے کے لیے کوئی موضوع نہیں ہوتا، نہ انہیں یہ معلوم ہوتا ہے کہ دنیا میں چل کیا رہا ہے، تو ایسے لوگوں سے دوستی کرنے کا کیا فائدہ؟

اداکارہ کی بات سُن کر میزبان نے کہا کہ تمام بالی ووڈ انڈسٹری ایک جیسی نہیں ہوسکتی، جس پر کنگنا نے کہا کہ انہوں نے بالی ووڈ کو بہت قریب سے دیکھا ہے انہیں معلوم ہے کہ یہاں سب ایک جیسے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر فنکار شوٹنگ نہ کر رہے ہوں تو ان کے پاس کوئی کام نہیں ہوتا، یہ فارغ ترین لوگ بن جاتے ہیں۔ صبح اٹھتے ہیں، ورزش کرتے ہیں، پھر سونا پھر اٹھنا، بس یہی معمول ہوتا ہے۔

اداکارہ نے بالی ووڈ پارٹیز کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ پارٹیز بہت شاندار ہوتی ہیں لیکن یہ کسی صدمے سے کم نہیں ہوتیں، ان پارٹیز میں کوئی بھی اپنی شخصیت، ذہانت یا فن کے بارے میں بات نہیں کرتا۔ فنکاروں کی گفتگو صرف برانڈڈ بیگز یا گاڑیوں تک محدود ہوتی ہے اور انہیں آج تک بالی ووڈ میں کوئی ایسا فنکار نہیں ملا جو برانڈڈ چیزوں کے بارے میں بات نہ کرتا ہو۔

کنگنا رناوت کی بالی ووڈ فنکاروں کے بارے میں گفتگو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین اس پر مختلف تبصرے کرتے نظر آئے۔ ایک صارف نے لکھا کہ کنگنا نے بالی ووڈ اداکاروں کو بہت اچھے سے بیان کیا ہے۔

ایک صارف نے کنگنا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جس انڈسٹری نے آپ کو شناخت دی آج آپ اسی کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے بی جے پی کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ آپ اپنی جماعت میں ایسے لوگوں کی ہی مستحق ہیں۔

صارفین نے کنگنا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ان کی تقریباً تمام فلمیں فلاپ ہوئی ہیں اسی لیے وہ بالی ووڈ کو تنقید کا نشانہ بناتی نظر آتی ہیں۔ جہاں کئی صارفین نے ان پر تنقید کی وہیں چند صارفین ایسے بھی تھے جن کا خیال تھا کہ کنگنا رناوت نے بالی ووڈ کو بہت قریب سے دیکھا ہے اس لیے وہ اتنے وثوق سے یہ سب باتیں کر رہی ہیں۔

خیال رہے کہ کنگنا رناوت کی فلم ‘ایمرجنسی’ کا ٹریلر حال ہی میں ریلیز ہوا ہے جس کی ہدایت کاری خود انہوں نے کی ہے۔

ٹریلر کی افتتاحی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کنگنا رناوت نے بتایا کہ تینوں میں کوئی بھی خان ان کا پسندیدہ نہیں ہے، اگر کوئی خان پسند ہے تو وہ مرحوم عرفان خان ہے اور انہیں اس بات کا پچھتاوا ہے کہ وہ عرفان خان کے لیے فلم کی ہدایت کاری نہیں کرسکیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp